(رپورٹ سٹی اڈیٹر ڈاکٹر عبدالرحیم)
اسلام آباد میں ڈائریکٹر جنرل فرینڈز آف فلسطین پاکستان ڈاکٹر بلال الاسطل نے وفاقی وزیر صحت پاکستان جناب سید مصطفیٰ کمال کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر صحت نے غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کی حقیقی صورتِ حال اور اس کے تازہ ترین پہلوؤں کو جاننے کے ساتھ ساتھ اپنے منصب سے غزہ اور مجموعی طور پر فلسطین کی حمایت کے لیے کیا عملی اقدامات ممکن ہیں، اس حوالے سے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے اصولی اور مستقل مؤقف پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
ملاقات کے دوران جناب وزیر صحت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت اور اظہارِ یکجہتی کے لیے ہر ممکن سیاسی اور سفارتی کوشش بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین ہمیشہ امتِ مسلمہ کا مرکزی مسئلہ رہے گا اور پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ اسرائیلی قبضے اور غزہ پر مسلسل جارحیت کے مقابلے میں ڈٹا رہے گا۔
انہوں نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ پاکستان فلسطینی عوام کو طبی میدان میں مکمل تعاون فراہم کرے گا، جس میں فلسطین کے شعبۂ صحت کی ترقی اور معاونت بھی شامل ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جناب بلال الأسطل نے وزیر صحت کو غزہ کی تازہ ترین صورتِ حال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ کس طرح اسرائیلی فوج عام شہریوں، بنیادی ڈھانچے اور بالخصوص صحت کے نظام کو نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ جارحیت فلسطینی عوام کے عزم اور حوصلے کو کبھی متزلزل نہیں کر سکے گی۔
ڈائریکٹر جنرل نے اس دورے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پاکستان اور فلسطین کے درمیان برادرانہ تعلقات کی گہرائی کا مظہر ہے اور حکومت و عوامِ پاکستان کے اس خالص اور اصولی مؤقف کا عکاس ہے جو وہ فلسطین کے مسئلے پر ہمیشہ اختیار کرتے آئے ہیں۔