سرگودہا(رپورٹ ای این آئی)چیئرمین سینیٹر سٹیزن فاؤنڈیشن عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ ان کی تنظیم ملک میں بکھرتے جوائنٹ فیملی سسٹم کو بچانے کے ساتھ ساتھ اس انتشار کے نتائج سے ضعیف افراد کو محفوظ بنانے کے لئے میدان عمل میں اتری ہے – وہ آج فاؤنڈیشن کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں ایگزیکٹو بورڈ کے سینئر وائس چیرمین کوثرعلی بھثی ،ڈپٹی جنرل سیکرٹری رانا ذوالفقار علی، فنانس سیکرٹری سیف اللہ، ڈائریکٹر نذیر ولسن گل، انفارمیشن سیکرٹری چوہدری امتیاز، سینئر ایگزیکٹو ممبر محمد اکرم حنیف و دیگر ممبران چوہدری عبد القیوم سلہری، عبدالماجد خان ،چوہدری فیاض احمد جکھڑ اور محمد بخش نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں، مصروف سماجی زندگی اور معاشی کسادبازاری کے شکار بزرگ شہریوں کی تنہائی و دیگر نفسیاتی مسائل کا تذکرہ کرتے ھوئے انھیں اظہار رائے کا آزاد ماحول فراہم کرنے اور ان کو نفسیاتی الجھنوں سے نکالنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ فاؤنڈیشن کی طرف سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مذکورہ بزرگ شہریوں کی کونسلنگ اور فزیکل ایکسر سائز کے ذریعے مفید شہری کی حیثیت برقرار رکھنے میں مدد دی جائے گی اور نوجوان نسل کو ان کی اہمیت کا احساس دلانے کے لئے تعلیمی اداروں اور درس گاہوں میں آگاہی کیلئے سیمینار منعقد کیے جائیں گے سرکاری و نیم سرکاری اور نجی اداروں کے افسران و اسٹاف کو بزرگوں کی قدرو منزلت کا احساس دلایا جائے گا۔ ناخواندہ معمر افراد کے مسائل کو ان کے متعلقہ دفاتر سے حل کروانے میں مدد فراہم کرنے کے لئے خصوصی نمائندے مقرر کئے جائیں گے۔ اجلاس میں فاؤنڈیشن کی قانون سازی ،رجسٹریشن اور مالی و انتظامی معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا ممبران نے فاؤنڈیشن کی افادیت میں اضافے کے لئے تجاویز پیش کیں جنہیں کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا اس موقع پر سیکرٹری انفارمیشن امتیاز چوہدری کی سالگرہ کی نسبت سے کیک کاٹا گیا اور ان کی درازی عمر کے لئے دعا کی گئی-