رپورٹ محمد حسین پرمار رنچھوڑ لائن UC-5 میں تجاوزات کا خاتمہ: چیئرمین لینڈ ڈیپارٹمنٹ کمیٹی رحمان افریدی کا فوری ایکشن، علاقہ مکینوں کا اظہارِ تشکر
کراچی ()رنچھوڑ لائن UC-5 کی معروف کباڑی گلی، ستارہ گوشت مارکیٹ کے اطراف جاری ترقیاتی کاموں میں درپیش رکاوٹوں اور تجاوزات کے باعث مقامی شہری شدید پریشانی کا شکار تھے۔ ترقیاتی کاموں میں حائل غیر قانونی تجاوزات اور دکانوں کے آگے رکھی گئی اشیاء نہ صرف ٹریفک کی روانی میں خلل ڈال رہی تھیں بلکہ عوامی آمدورفت کے لیے بھی شدید مشکلات پیدا ہو رہی تھیں۔متاثرہ مکینوں نے اس صورتحال پر لینڈ ڈیپارٹمنٹ کمیٹی کے چیئرمین رحمان افریدی سے براہِ راست رابطہ کیا اور فوری ایکشن کی اپیل کی۔ عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین رحمان افریدی نے روایتی سست روی سے ہٹ کر فوری طور پر موقع پر پہنچ کر عملی کارروائی کی، جسے عوامی سطح پر سراہا گیا۔رحمان افریدی نے اپنی نگرانی میں تمام تجاوزات کو ہٹوانے کے احکامات جاری کیے اور متعلقہ عملے کو فوری عمل درآمد کا حکم دیا۔ اس موقع پر انسپکٹر فیضان راجپوت، فیصل ماما، نعیم چاچا، اکرم نقشبندی اور فیصل راجہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، جنہوں نے مل کر علاقے کو کلیئر کروایا اور ترقیاتی کاموں کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کیں۔رحمان افریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہری مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے۔ عوام کے مفاد میں کوئی بھی رکاوٹ یا تجاوز برداشت نہیں کی جائے گی۔ لینڈ ڈیپارٹمنٹ عوامی شکایات پر فوری ایکشن لینے کے لیے دن رات متحرک ہے۔ رنچھوڑ لائن کے عوام نے بروقت نشاندہی کی، جس پر فوری کارروائی کر کے عوام کو درپیش مشکلات کو دور کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی کاموں کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ یا غیر قانونی تعمیرات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تمام دکانداروں اور مقامی تاجروں سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ عوامی سہولت کے لیے انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں۔رنچھوڑ لائن UC-5 کے رہائشیوں اور دکانداروں نے اس بروقت اور مؤثر کارروائی پر چیئرمین رحمان افریدی اور ان کی ٹیم کا دلی شکریہ ادا کیا۔ مقامی شہریوں کا کہنا تھا کہ بے شمار شکایات کے باوجود پہلے کسی نے عملی اقدام نہیں اٹھایا، لیکن رحمان افریدی نے خود آ کر جو مثال قائم کی ہے، وہ قابلِ تحسین ہے۔لینڈ ڈیپارٹمنٹ کی اس بروقت کارروائی نے نہ صرف عوامی شکایات کا ازالہ کیا بلکہ ایک واضح پیغام بھی دیا کہ کوئی علاقہ یا فرد قانون سے بالاتر نہیں۔ محکمہ لینڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہر بھر میں ایسے تمام مقامات کی نشاندہی پر فوری کارروائی کی جائے گی جہاں ترقیاتی منصوبوں میں تجاوزات رکاوٹ بن رہی ہوں۔شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ اگر کسی بھی علاقے میں تجاوزات، غیر قانونی قبضے یا ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ کی شکایات ہوں، تو وہ براہِ راست لینڈ ڈیپارٹمنٹ یا متعلقہ کمیٹی چیئرمین سے رجوع کریں تاکہ فوری اور مؤثر اقدامات ممکن بنائے جا سکیں۔رنچھوڑ لائن کی اس مثال سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگر عوام اور انتظامیہ ایک پیج پر ہوں، تو شہری مسائل کا حل فوری، مؤثر اور پائیدار ممکن ہے۔ چیئرمین رحمان افریدی کی یہ کارروائی ایک مثبت مثال ہے جسے دیگر اداروں کو بھی فالو کرنا چاہیے۔