کراچی(رپورٹ ای این آئی) رینجرز اور ڈاکوؤں میں مقابلے کے دوران گولی لگنے سے بزرگ جاں بحق، نوجوان زخمی
کراچی:راشد منہاس روڈ شفیق موڑ کے قریب رینجرز اہل کاروں سے مقابلے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار بزرگ شہری جاں بحق اور ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا، اس سال کراچی میں دوران ڈکیتی جاں بحق شہریوں کی تعداد 70 ہوگئی۔
گبول ٹاؤن تھانے کے علاقے راشد منہاس روڈ شفیق موڑ پی ایس او پمپ کے قریب فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار بزرگ شہری پیٹ میں ایک گولی لگنے سے موقع پرجاں بحق ہوگیا اور ایک نوجوان دو گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگیا، دونوں کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا بعدازاں نوجوان کو تشویش ناک حالت میں عباسی سے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
فائرنگ سے جاں بحق مقتول بزرگ شہری کی شناخت 60 سالہ اعجاز ولد شبیر اور زخمی نوجوان کی شناخت 26 سالہ حماد ولد اعجاز کے نام سے کی گئی، مقتول بزرگ شہری اعجاز نارتھ کراچی سیکٹر فائیو اے سی فور کے رہائشی اور پیشے کے لحاظ سے کارپینٹر تھے اور گھر کے واحد کفیل تھے جبکہ زخمی نوجوان مقتول بزرگ شہری کا ہیلپر تھا۔