حیدرآباد(عمران مشتاق)منشیات کے مقدمات کی درست تیاری، تفتیش اور مجرموں کو سزا دلانے کے لیے اجلاس*
ایس ایس پی حیدرآباد کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام ضلع حیدرآباد کے ہیڈ محرران نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد منشیات کے مقدمات سے متعلق قانونی تقاضوں کی تکمیل کو یقینی بنانا اور ان مقدمات میں سزا کی شرح میں مؤثر اضافہ کرنا تھا۔
اجلاس کے دوران اس امر پر زور دیا گیا کہ منشیات کے مقدمات میں ایف آئی آر کے اندراج سے لے کر عدالتوں میں سزا تک کے تمام مراحل میں مکمل قانونی تقاضے پورے کیے جائیں۔ ایس ایس پی حیدرآباد نے ہدایت کی کہ تفتیشی افسران اور متعلقہ عملہ اپنے فرائض انتہائی دیانت داری اور ذمہ داری سے ادا کریں تاکہ منشیات کے خلاف جاری مہم کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
مزید کہا گیا کہ مقدمات کی بروقت اور شفاف تفتیش، ثبوتوں کا درست ریکارڈ اور پراسیکیوشن کے ساتھ قریبی رابطہ ہی سزا کی شرح میں اضافہ یقینی بنا سکتا ہے۔
ایس ایس پی حیدرآباد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔