(رپورٹ ای این آئی) پشاور سمیت خیبرپختونخوا بھر میں وکلاء کا عدالتی بائیکاٹ،آئی جی خیبرپختونخوا کو دو دن کی مہلت۔
خیبرپختونخوا بار کونسل کی کال پر صوبہ بھر کے وکلاء نے آج عدالتی بائیکاٹ کرتے ہوئے عدالتوں میں پیش ہونے سے انکار کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ سمیت تمام اضلاع کی عدالتوں میں وکلاء کا عدالتی بائیکاٹ جاری ہے، جس کی وجہ صوبے میں وکلاء کے قتل اور پولیس تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات میں ملوث عناصر کی گرفتاری میں تاخیر کو قرار دیا جا رہا ہے۔
وکلاء نے مطالبہ کیا ہے کہ چارسدہ میں ایک نوجوان وکیل کے قتل میں ملوث ایس ایچ او سمیت تمام ذمہ داروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کے عمل میں سستی اور تاخیر سے نہ صرف وکلاء کی زندگیوں کو خطرہ ہے بلکہ عدالتی نظام کی ساکھ بھی متاثر ہو رہی ہے۔
صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن امین الرحمن یوسفزئی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ آئی جی پولیس نے دو دن کی مہلت دی ہے کہ وکلاء کے قتل میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور پولیس فورس سے بدعنوان عناصر کو نکالا جائے۔
امین الرحمن نے کہا’’اگر دو دن میں کوئی ٹھوس کارروائی نہ ہوئی تو وکلاء برادری آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی، جو ممکنہ طور پر صوبہ گیر احتجاج یا مزید سخت اقدامات پر مشتمل ہوگا۔
وکلاء برادری نے اس موقع پر صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ وہ ان واقعات کو سنجیدگی سے لیں اور ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں تاکہ وکلاء کو تحفظ ملے اور عدالتی نظام میں اعتماد بحال ہو۔