
محکمہ کھیل سندھ اور سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے حیدرآباد میں تین روزہ خواتین باکسنگ ٹیلنٹ ہنٹ کیمپ کا شاندار آغاز
حیدرآباد (رپورٹ عمران مشتاق)
محکمہ کھیل سندھ اور سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے حیدرآباد کے سندھ اسپورٹس بورڈ ہاسٹل نیاز اسٹڈیم میں دو روزہ پہلی سندھ ٹیلنٹ ہنٹ سمر ویمن باکسنگ کوچنگ اینڈ ٹریننگ کیمپ 2025 کا آغاز ہوگیا۔ کیمپ میں کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، لاڑکانہ سمیت دیگر اضلاع سے 100 سے زائد وومین باکسرز نے حصہ لیا۔افتتاحی تقریب میں مریم کیریو ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر حیدرآباد، ایم اصغر بلوچ صدر سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن اور پرویز احمد شیخ سیکریٹری حیدرآباد ڈویژن اولمپک کمیٹی نے شرکت کی۔ تقریب میں دیگر مقامی عہدیدار، کوچز اور اسپورٹس افسران بھی موجود تھے۔مہمانانِ خصوصی نے نوجوان باکسرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرامز خواتین کو کھیلوں میں آگے بڑھانے اور باکسنگ کے شعبے میں نئی صلاحیتیں دریافت کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس تین روزہ کیمپ میں شرکاء کو جدید کوچنگ تکنیک، فٹنس ٹریننگ، دفاعی اور حملہ آور مہارتوں کی تربیت دی جائے گی، جبکہ ہر روز خصوصی ورکشاپ اور پریکٹس سیشنز منعقد ہوں گے تاکہ ہر باکسر اپنی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنا سکے، کیمپ میں سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے عبدالرزاق، ثروت جت، فہیم قریشی، مظہر خاصخیلی اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھے۔مریم کیریو کا کہنا تھا کہ یہی نوجوان وومین باکسرز آئندہ کراچی میں ہونے والے نیشنل گیمز میں حصہ لیں گی، جبکہ پرائمر منسٹر یوتھ گیمز میں بھی سندھ کی نمائندگی کریں گی۔یہ کوچنگ کیمپ 28، 29 اور 30 ستمبر 2025 تک جاری رہے گا اور صوبہ بھر کی خواتین کھلاڑیوں کی تربیت کا بہترین موقع فراہم کرے گا۔
