منڈی بہاوالدین میں پنجاب ہائی وے پٹرول کے نئے آفس کا شاندار افتتاح، پولیس افسران شرکت،
منڈی بہاوالدین( میاں شریف زاہد )
منڈی بہاوالدین میں پنجاب ہائی وے پٹرول (PHP) کے نئے آفس کا افتتاح ایک پروقار اور یادگار تقریب کے ساتھ کیا گیا۔ اس موقع پر ریجنل آفیسر پنجاب ہائی وے پٹرول ڈویژن گوجرانوالہ، ڈی ایس پی غازی ذوالفقار علی ورک خصوصی طور پر مدعو تھے جنہوں نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ آفیسر PHP منڈی بہاوالدین زبیر اختر بھدر موجود تھے۔ دونوں افسران نے مشترکہ طور پر فیتہ کاٹ کر نئے آفس کا باضابطہ افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب میں پٹرولنگ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے مہمانِ خصوصی کو سلامی پیش کی۔ دستے کے جوانوں کی قدم سے قدم ملا کر پیش کی جانے والی سلامی اور ڈسپلن نے تقریب کے وقار میں مزید اضافہ کیا۔ حاضرین نے جوانوں کے ولولے اور پیشہ ورانہ انداز کو سراہا۔
تقریب میں ڈی ایس پی امجد محمود، ڈی ایس پی عامر شاہین گوندل اور ٹریفک پولیس آفیسر راشد بشیر سمیت مختلف محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔ اس موقع پر معزز مہمانوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
ریجنل آفیسر ڈی ایس پی ذوالفقار علی ورک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ہائی وے پٹرول کا مقصد عوام کو سڑکوں پر محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ PHP اہلکار دن رات سڑکوں پر گشت کرتے ہیں تاکہ مسافروں کو حادثات، ڈکیتی اور دیگر جرائم سے محفوظ رکھا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق پولیس فورس کو مزید تربیت، وسائل اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ شہریوں کو بہترین خدمت مہیا کی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ منڈی بہاوالدین میں نئے آفس کا قیام نہ صرف اہلکاروں کو بہتر ماحول فراہم کرے گا بلکہ عوام کو بھی بروقت اور شفاف خدمات دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق یہ آفس عوام اور پولیس کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط بنائے گا۔
ڈسٹرکٹ آفیسر زبیر اختر بھدر نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ہائی وے پٹرول کے جوان نہ صرف ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھتے ہیں بلکہ مشکل وقت میں عوام کی فوری مدد کے لیے بھی ہر وقت تیار رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس آفس کے قیام سے ضلع بھر میں پولیس کی موجودگی مزید مؤثر ہوگی اور عوام کو فوری سہولت ملے گی،
اسی موقع پر ضلع منڈی بہاوالدین میں قائم پٹرولنگ پولیس کی چھ چیک پوسٹوں کے انچارج بھی موجود تھے۔ ان میں چنگس چیک پوسٹ کے سب انسپکٹر اشفاق احمد، ساہی موڑ کے سب انسپکٹر سکندر حیات، کدھر کے سب انسپکٹر عابد حسین، ہیڈ فقیراں کے سب انسپکٹر اعجاز احمد اور نواں لوک کے سب انسپکٹر عرفان للہ شامل تھے۔ ان کے ہمراہ دیگر اہلکاروں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ ان چیک پوسٹوں کو عوامی تحفظ اور قانون کی بالادستی کے لیے نہایت اہم قرار دیا گیا،
ڈی ایس پی عامر شاہین گوندل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر کوئی ادارہ کامیاب نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ہائی وے پٹرول کے ساتھ تعاون کریں تاکہ سڑکوں کو جرائم سے محفوظ بنایا جا سکے،
ٹریفک پولیس آفیسر راشد بشیر نے کہا کہ ہائی وے پٹرول اور ٹریفک پولیس ایک دوسرے کے ساتھ مربوط ہو کر عوام کو سہولت دینے کے لیے کام کر رہی ہیں، ان کے مطابق سڑکوں پر حادثات کی روک تھام کے لیے آگاہی مہمات بھی جاری ہیں اور عوام کو قوانین کی پابندی کرنی چاہیے تاکہ اپنی اور دوسروں کی جان کو محفوظ بنایا جا سکے۔
افتتاحی تقریب میں شریک شہریوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہائی وے پٹرول کے جوان عوام کے لیے باعثِ تحفظ ہیں۔ شہریوں نے کہا کہ یہ آفس عوامی سہولت میں ایک خوش آئند اضافہ ہے اور اس سے نہ صرف پولیس کی کارکردگی میں بہتری آئے گی بلکہ عوام کا اعتماد بھی مزید بڑھے گا،
تقریب کے اختتام پر ریجنل آفیسر غازی ذوالفقار علی ورک اور دیگر افسران نے نئے آفس کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔ انہوں نے اہلکاروں کے ساتھ ملاقات کی اور ان کو بہترین انداز میں عوامی خدمت انجام دینے کی ہدایت کی، اس موقع پر نئے آفس میں نصب جدید سہولیات اور سسٹم کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی،
مہمانِ خصوصی نے اپنے تاثرات میں کہا کہ پنجاب ہائی وے پٹرول عوامی خدمت کا ایک ایسا ادارہ ہے جس پر حکومت اور عوام کو فخر ہے، انہوں نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح یہی ہے کہ ہر شہری اپنے سفر کے دوران خود کو محفوظ سمجھے اور کسی بھی مشکل میں فوری مدد حاصل کر سکے،
منڈی بہاوالدین میں ہونے والی یہ تقریب نہ صرف ایک نئے آفس کے افتتاح کی تقریب تھی بلکہ یہ عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد اور تعاون کی ایک نئی مثال بھی تھی،
