
سرگودہا(رپورٹ بیورو)سرگودہا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رانا محمد ابوبکر کی زیر صدارت چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے موقع پر جلوسوں اور مجالس کے انتظامی و سیکورٹی اقدامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پولیس، ضلعی انتظامیہ، اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ صحت، میونسپل کارپوریشن، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں جلوسوں کے روٹس اور اوقات کار کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ جلوس کے راستوں پر صفائی، روشنی، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔ پولیس حکام نے سیکورٹی پلان پیش کرتے ہوئے بتایا کہ جلوسوں اور مجالس کی حفاظت کے لیے فول پروف اقدامات کیے جا رہے ہیں، جس میں واک تھرو گیٹس کی تنصیب، سی سی ٹی وی کیمروں کی مانیٹرنگ اور اہلکاروں کی تعیناتی شامل ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا کہ تمام ادارے اپنے اپنے حصے کے انتظامات بروقت مکمل کریں تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ضلعی کنٹرول روم فعال رکھا جائے اور ہنگامی صورت میں فوری ردعمل کے لیے تمام محکمے ہمہ وقت الرٹ رہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ امن و امان برقرار رکھنے اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائیں تاکہ چہلم حضرت امام حسینؑ کے موقع پر تمام پروگرام پُرامن اور احسن طریقے سے مکمل ہو سکیں۔
