حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس حیدرآباد رینج طارق رزاق دھاریجو نے کہا ہے کہ معاشرے سے منشیات کی لعنت کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے کیلئے ہر افسر و اہلکار اپنا کردار ادا کرے، منشیات بشمول آئس، ہیروئن اور چرس کے سوداگروں کیخلاف بلا تفریق سخت ترین کارروائیاں کر کے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی آئی جی آفس حیدرآباد میں پولیس کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو ، ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان عابد بلوچ، ایس ایس پی جامشورو ظفر صدیق چھانگا، ایس ایس پی ٹنڈو الہیار سید سلیم شاہ اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن حیدرآباد عبد اللہ میمن بھی موجود تھے ڈی آئی جی نے کہا کہ منشیات ، گٹکا ، ماوہ ، مین پوری اور جرائم بشمول مفرور و روپوش اشتہاری اور قتل سمیت دیگر نوعیت کے کیسز میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی ہدایت پر جاری مہم میں بہترین نتائج دیئے جائیں منشیات فروشی کے مکروہ کاروبار میں ملوث عناصر کومعزز عدالتوں سے کڑی سے کڑی سزا دلوانے کیلئے ٹھوس شواہد پر مبنی کیسز بناکر عدالت میں پیش کئے جائیں اس کیلئے تجربہ کار تفتیشی افسران تعینات کے جائیں منشیات فروش کسی رعایت کے مستحق نہیں نوجوانوں کے مستقبل کو اندھیروں میں دھکیلنے کی کوشش کرنیوالے ناسوروں کو ہر گز معاف نہیں کیا جائیگا ۔
