ننکانہ صاحب(بیورورپورٹ )ننکانہ صاحب میں ناقص دودھ کی فروخت پر کارروائی، 300 لیٹر تلف، بھاری جرمانہ تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے غذائیت سے بھرپور اور معیاری دودھ کی فراہمی کے عزم کے تحت ضلع ننکانہ صاحب کے علاقے چوڑھا لنگر میں بڑی کارروائی کی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے احکامات پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے 300 لیٹر ناقص دودھ تلف کر دیا، جبکہ بھاری مقدار میں مضر صحت ملک پاو¿ڈر اور خوردنی تیل برآمد کیا گیا،فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاع پر بروقت کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے دوران ڈیری شاپ سے خشک دودھ کی موجودگی پر ایکشن لیا گیا۔ دودھ کے موقع پر کیے گئے ٹیسٹ میں غیر معیاری ہونے کی تصدیق کے بعد اسے فوری طور پر تلف کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران دکان پر حفظان صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیاں بھی سامنے آئیں، جن میں دودھ میں مردہ مکھیاں پائی جانا اور فوڈ ہینڈلرز کے میڈیکل سرٹیفکیٹ کا عدم موجود ہونا شامل ہے۔فوڈ اتھارٹی نے موقع پر دکاندار کو 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے تنبیہ کی کہ ممنوعہ اشیاءکی ملاوٹ سے تیار کردہ دودھ کی فروخت ایک سنگین جرم ہے، جس کے مرتکب افراد کسی رعایت کے مستحق نہیںترجمان نے مزید کہا کہ شہری گھروں میں استعمال کیے جانے والے دودھ کو قریبی پنجاب فوڈ اتھارٹی دفتر سے مفت ٹیسٹ کروا سکتے ہیں۔ پنجاب میں صحت دشمن عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں، زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے۔