حیدرآباد(بیورو رپورٹ)شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک جرات مند رہنما اور عوام کے حقیقی نمائندہ تھے ان خیالات کا اظہار مئیر حیدرآباد کاشف علی شورو نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی رہنما شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 46 ویں برسی کے موقع پر ان کی خدمات، جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے سلسلے میں شور ہاؤس حیدرآباد سے گڑھی خدابخش لاڑکانہ کیلئے نکالی جانے والی ریلی کے شرکاء سے روانگی کے وقت خطاب کرتے ہوئے کیا، شورو ہاؤس سے لاڑکانہ کیلئے نکالی جانے والی ریلی میں میئر حیدرآباد کاشف علی شورو ، مختلف ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کے چیئرمینز، وائس چیئرمینز یوسی چیئرمین و دیگر منتخب نمائندے ،پاکستان پیپلز پارٹی حیدرآباد کے زمہ داران و کارکنان اور ہمدردوں کی بڑی تعداد شریک تھی قافلہ سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل تھا اور شرکاء نے پیپلز پارٹی کے جھنڈے ، بینرز اور پارٹی کے رہنماؤں کی تصاویریں اٹھائی ہوئی تھیں اور پرجوش انداز میں نعرے لگا رہے تھے، میئر حیدرآباد نے مزید کہا کہ پاکستان کی جمہوریت، خارجہ پالیسی اور معاشی اصلاحات میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی خدمات بے مثال ہیں۔ میئر حیدرآباد نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو ترقی، خودمختاری اور عوامی فلاح کے راستے پر گامزن کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے ہمیشہ پاکستان میں جمہوری نظام کے استحکام کیلئے جدوجہد کی اور پیپلز پارٹی کے قیام کا مقصد بھی عوام کی خدمت کرناہے انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے ہمیشہ غریبوں کے حق اور ان کے مسائل کی بات کی شہید کے اسی مقصد کو لے کر پیپلز پارٹی کی قیادت اور جیالے مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں