اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو ہر حال میں ڈی چوک پہنچنے کی ہدایت جاری کردی ہے، چاہے انہیں وہاں پہنچنے میں دو دن لگ جائیں۔ ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت نے احتجاج کی حکمت عملی مکمل کر لی ہے اور علی امین گنڈاپور کو بانی چیئرمین کا واضح پیغام پہنچا دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق چیئرمین بیرسٹر گوہر اور شیخ وقاص اکرم کی سربراہی میں احتجاج کے لیے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔ ڈی چوک پر ہونے والے احتجاج کی ذمہ داری راولپنڈی اور اسلام آباد کی تنظیموں پر ہوگی جبکہ اراکین قومی اسمبلی اس میں شرکت نہیں کریں گے۔
مزید یہ کہ علی امین گنڈاپور کے پہنچنے تک مقامی قیادت احتجاج کا انتظام سنبھالے گی۔ احتجاج کے دوران کارکنوں کے لیے ماسک، نمک، پانی اور کپڑوں کا بھی انتظام کر لیا گیا ہے، جبکہ بیرسٹر گوہر اور شیخ وقاص اکرم احتجاج کی نگرانی کریں گے۔