منڈی بہاوالدین،( میاں شریف زاہد) سیکرٹری کوآپریٹوز پنجاب لاہور کی ہدایت پر انسپکٹر کوآپریٹو سوسائٹیز میاں ریاض احمد اور اکاؤنٹنٹ رانا یوسف منیر کی زیر نگرانی آگاہی تقریب اور واک کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں تحصیل وائز دفاتر کے اہلکاران و ملازمین نے شرکت کی اور لوگوں کو ڈینگی کے خطرات کےبارے میں آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر انسپکٹر کوآپریٹو سوسائٹیز میاں ریاض احمد اور اکاؤنٹنٹ رانا یوسف منیر کا کہنا تھا کہ ڈینگی کے خاتمے کیلئے ڈینگی مچھر کے ساتھ اس کے لاروا کی تلفی بھی ضروری ہے، شہری گھروں، دفاتر، دکانوں سمیت تمام جگہوں کی صفائی کو یقینی بنائیں، کسی جگہ بھی پانی جمع نہ ہونے دیں، ماحول کو صاف ستھرا اور خشک رکھا جائے، ہفتہ میں دو بار گھروں، محلوں کی صفائی ضرور کی جائے، ڈینگی مچھر سے بچنے کیلئے لوشن استعمال کیا جائے، مچھر کی بہتات والے علاقوں میں مچھر مار سپرے کیا جائے، کسی شخص میں ڈینگی علامات پائی جائیں تو اسے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری گھروں کی چھتوں، پودوں کی کیاریوں اور دیگر برتنوں میں پانی جمع نہ ہونے دیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ہم نہ صرف خود بلکہ دوسروں کو بھی ڈینگی سے بچا سکتے ہیں۔