اسلام آباد : پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہنوں، علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو ڈی چوک سے گرفتار کر کے تھانہ سیکریٹریٹ منتقل کردیا۔ یہ گرفتاری اس وقت عمل میں آئی جب پی ٹی آئی نے اسلام آباد کے ڈی چوک پر احتجاج کا اعلان کیا اور کارکنان وہاں پہنچنا شروع ہوگئے۔
علیمہ اور عظمیٰ خان بھی احتجاج میں شرکت کے لیے ڈی چوک پہنچیں جہاں پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔
اس دوران، پولیس نے احتجاج میں شامل درجنوں کارکنوں کو بھی گرفتار کیا اور ٹولیوں کی صورت میں پہنچنے والے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شدید شیلنگ کی۔ فیض آباد اور مری روڈ پر بھی پولیس نے احتجاجی قافلوں کی پیش قدمی روکنے کے لیے وقفے وقفے سے شیلنگ جاری رکھی۔
مزید مظاہرین کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ راولپنڈی اور چونگی نمبر 26 سے بھی تحریک انصاف کے کئی کارکنان کو حراست میں لیا گیا۔ پولیس نے برہان انٹرچینج کے قریب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے قافلے پر بھی شیلنگ کی۔