خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے )ڈپٹی کمشنر خوشاب سروش فاطمہ شیرازی نے کہا ہے کہ تمام محکموں کے افسران ڈینگی مچھر کی روک تھام اور اس سے بچاؤ کے لیے اپنے دفاتر اور انکی چھتوں کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں تا کہ حالیہ موسم میں ڈینگی مچھر اور ا س کے لارواء کی افزائش پر قابو پایا جاسکے۔ تمام سکولوں، ہسپتالوں،قبرستانوں اور دیگر دفاتر میں اس بات کو یقینی بنایا جا ئے کہ کسی بھی جگہ پانی جمع نہ ہو اور بالخصوص سکولوں، ہسپتالوں اور دفاتر کی چھتوں کو ہر لحاظ سے صاف ستھراہو نا چاہیے۔تمام محکمے،ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت سے ملکر ڈینگی مچھر کی روک تھام اور اس کی حفاظت کے لیے مشترکہ کوششوں کو جار ی رکھیں۔ ڈینگی مچھر سے بچاؤ کے حوالے سے عوام میں بھی خصوصی ڈینگی مہم جاری رکھی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ان خیالا ت کا اظہار ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدار ت کر تے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی سرولنس کو بہتر بنایا جائے اور جہاں ڈینگی لاروا ملے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو اطلاع دی جائے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) احمد صہیب،سی ا ی او ہیلتھ ڈاکٹر صائمہ اکرام نیازی،ڈی ایچ او ڈاکٹر راؤ گلزار یوسف، محکمہ ہیلتھ،ریسکیو،سوشل ویلفیئر،میونسپل کمیٹی،ایجوکیشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) نے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہاکہ 25ستمبر کو ضلع میں ڈینگی سے آگاہی کیلئے انسدادڈینگی ڈے منایا جائے گا۔