ننکانہ صاحب ( بیورورپورٹ) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے حکومت پنجاب کی جانب سے ضلع ننکانہ صاحب میں کسان کارڈ کی ترسیل کے عمل کا جائزہ لینے کے لیے محکمہ زراعت کے دفتر میں قائم کیے جانے والے سہولت کاونٹرز کا دورہ کیا۔اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ وجیہہ ثمرین ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع محمد اشرف ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت رانا محمد عارف سمیت دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کسان کاونٹرز پر کسانوں میں کارڈز کی تقسیم ، کسانوں کے لیے سائے دار جگہ ، پانی کی دستیابی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا اور کسانوں سے کسان کارڈ کے حصول کے لیے درپیش مسائل بھی دریافت کیے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے زراعت کے شعبہ کی ترقی کیلئے کسان کارڈ کا اجراءایک انقلابی اقدام ہے۔انھوں نے کہا کہ کسان کارڈ ایک ایسا ٹوکن ہے جس کو کسان حضرات آنے والے وقتوں میں ہر قسم کی زرعی سبسڈی کیلئے استعمال کر سکیں گے۔انھوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کا ویژن کسانوں کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کسان پوری محنت اور ایمانداری سے کسان کارڈ کا استعمال کریں تاکہ حکومتی اقدامات سے مستفید ہو سکیں۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کسان کارڈ کی رجسٹریشن کیلئے 23 ہزار 5 سو 85 زمینداروں کی رجسٹریشن کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا اور اب تک 16 ہزار سے زائد کسانوں کو رجسٹرڈ کیا جاچکا ہے جبکہ ضلع کے 3781 کسانوں میں کسان کارڈز کی تقسیم کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع ننکانہ صاحب کی تینوں تحصیلوں کے رجسٹرڈ زمینداروں میں کسان کارڈ کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔