بھاولنگر(میاں میراحمدمستانہ سہروردی سے )
ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمد کی ہدایت پر سول ڈیفنس حکام نے ضلع بہاولنگر میں غیر قانونی ایل پی جی گیس کی ری فلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے اور ابتدائی طور پر ایل پی جی گیس کی ری فلنگ کرتے ہوئے دو ایجنسیوں کے مالکان کو رنگے ہاتھوں
پکڑکرمتعلقہ آلات سمیت پولیس کے حوالے کردیا جہاں ان کے خلاف مقدمات درج کرادئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سول ڈیفنس افیسر ارشد سندھو نے ضلع میں موجود غیر قانونی ایل پی جی گیس کے خلاف کاروائی کی اور نواحی قصبہ ڈونگہ بونگہ میں دو گیس ایجنسیوں محمد حفیظ عباسی گیس ایجنسی سنٹر اور راؤ گیس ایجنسی سنٹرکو غیر قانونی طور پرگیس کی ری فلینگ کرتے ہوئے پکڑ لیا۔بعد ازاں دونوں ایجنسی مالکان کے خلاف زیر دفعہ 285/286کے تحت مقدمات درج کرا دئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر سول ڈیفنس حکام نے مختلف ایل پی جی ایجنسیوں کے دورے کر کے آگ سے بچاؤ کے آلات کا معائنہ کیا۔ سیفٹی آلات کی کمی اور آلات صحیح کام نہ کرنے پر ایک ایل پی جی ایجنسی کو سیل کیا جبکہ مختلف مالکان پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ آئیندہ کیلئے محتاط رہنے کی ہدایت کی۔