بھاولپور(میاں میراحمد مستانہ سہروردی سے ) ڈسٹرکٹ کنزیومر کورٹ بہاولنگر نے مروٹ تحصیل فورٹ عباس کے کھاد ڈیلر کو جعلی کھاد دے کر 17ایکڑ زرعی رقبہ میں گندم کی فصل برباد کرنے کے الزام میں 31لاکھ24ہزار روپئے کسان کو ادا کرنے کی سزا کا حکم سنا دیا۔تفصیلات کے مطابق چک 306/HR مروٹ کے کسان محمد طیب ولد منیر احمد نے اپنی گندم کی فصل کیلئے کھاد ڈیلر افضال زرعی سروسز چک 326/HRمروٹ سے ایک لاکھ 24 ہزار روپئے 20تھیلے نائٹروفاس کھاد خرید کی اور وہ کھاد اپنے 17 ایکڑ رقبہ میں گندم کو ڈالی تو کوئی مثبت نتائج برآمد نہیں ہوئے الٹا فضل گندم کو نقصان ہو گیا۔جس پر کسان شہری نے ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ سے کھاد کا لیب ٹیسٹ کروایا جس میں کھاد کی رپورٹ ناقص کھاد کی آئی تو اس نے کھاد ڈیلر کو نوٹس دیا کہ اسکی ناقص کھاد کی بنا پر نقصان ہوا ہے ازالہ کیا جائے۔کھاد ڈیلر کے انکار پر کسان نے ڈسٹرکٹ کنزیومر کورٹ بہاولنگر میں ناقص نائٹروفاس کھاد بیچنے کے خلاف کلیم دائر کیا چنانچہ تمام ریکارڈ کے مطابق ڈسٹرکٹ کنزیومر عدالت بہاولنگر کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چوہدری ضیاء اللہ گجر نے افضال زرعی سروسزمذکور کے مالک کو31 لاکھ24 ہزار روپے ہرجانہ کسان محمد طیب کو ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔