متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین و وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی اور ایم کیو ایم سینئر رہنماء انیس احمد قائم خانی کی باغِ مصطفی گراؤنڈ حیدر آباد میں ایم کیو ایم کے زیر اہتمام 11اکتوبر کو منعقدہ ہونے والے یوتھ کنونشن کے حوالے سے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔پریس کانفرنس میں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنماء شبیر احمد قائم خانی،محمد شریف،عبدالرئو ف اجمیری ، سید سہیل مشہدی،دلاور قریشی،شکیل احمد،فرقان اطیب،ارشاد ظفیر،سندھ تنظیمی کمیٹی انچارج سلیم رزاق واراکین،ڈسڑکٹ انچارج ظفر احمد صدیقی واراکین،اے پی ایم ایس او کے چیئر مین شہریار خان واراکین حق پرست ارکان اسمبلی سید وسیم حسین،پروفیسر عبدالعلیم خانزادہ،راشد خان،صابر حسین قائم خانی اور ناصر حسین قریشی سمیت نوجوان طلبہ وطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔پریس کانفرنس سے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کل انشاء اللہ حیدرآباد میں نوجوان ایک نئی تاریخ رقم کریں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی آبادی کا 65 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے اور پاکستان کی آبادی 200 ملکوں کی انفرادی آبادی سے زیادہ ہے بس ہمیں درست کی جانب نوجوانوں کو راغب کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم براہ راست نوجوانوں سے بات کرنے لگی ہے پہلے کراچی میں نوجوانوں کا سب سے بڑا اجتماع کیا اور اب کل حیدرآباد میں ایک تاریخی اجتماع ہوگا جوایک نئے سنگ میل کو عبور کرے گا۔انہوں نے کہاکہ حیدرآباد جدوجہد کی تاریخ میں صف اول کے شہروں میں شمار ہوتا ہے اور حیدرآباد کے نوجوانوں نے ہر عہد میں اپنا کردار ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ کل باغ مصطفی گراؤنڈ میں پانچ بجے یوتھ کنونشن کا میدان سجے گا اور کل باغ مصطفی میں اجتماع ہوگا ہمیں ڈر ہے کہ میدان کم نہ پڑجائے۔انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم نوجوانوں سے براہ راست مکالمہ کرنے اور نئی قیادت کو تیار کرنے کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو مستقبل سپرد کرنے کے لیے ھم نے اپنا کام شروع کردیا اور سب سیاسی جماعتوں کو اندازہ ہوا ہے کہ اپنی تھیم کس طرف تبدیل کرنی ہے۔انہوں نے کہاکہ ھم نے سندھ کے دیہی اور شہری علاقوں کو جوڑ کر رکھنے کے لیے اپنے حصے سے زیادہ والی قربانی دی۔انہوں نے کہاکہ ہم اینٹی اسٹیبلشمنٹ نہیں رہے پرو جمہوریت رہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں جو سیاسی بحران ہے اسکی وجہ 2018 کا الیکشن ہے ھمیں زبردستی ہروایا گیا,انہوں نے کہاکہ مشکلات آتی رہی ہیںہم سامنا کرتے رہے ہیں اورجبر کے دور میں ایم کیو ایم پیدا ہوئی جبر کے دور میں اور جبر کی گود میں پیدا ہونا الگ باتیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم اسٹیبلشمنٹ نہیں نظام دشمن ہیں اور نظام کی تبدیلی تک ہماری جدوجہد جاری رہیگی۔پریس کانفرنس سے ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنماء انیس قائم خانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کل کا پروگرام غیر سیاسی پروگرام اور بچوں کی رہنمائی کیلئے ہیں ا ور بلکہ یہ ٹوٹل نوجوانوں کا پروگرام ہے ایم کیو ایم صرف میزبان ہے۔انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم کی سیاست اقتدار کیلئے نہیں بلکہ نوجوانوں کو با اختیار اور ملک کو خوشحال بنانے پر مبنی ہے۔
حیدرآباد تعلقہ دیہی کے گاؤں بھاول زنور میں بااثر افراد مسافر خانے اور بس اسٹاف کی جگہ پر قبضہ کرکے پیٹرول پمپ بنانے کے خلاف علاقہ مکینو ں نے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اس موقع پر سکندر علی ودیگر نے کہاکہ گوٹھ بھاول زئنور میں قائم مسافر خانے اور مین بس اسٹاپ پر قبضہ کرکے بااثر افراد مجاہد شاہ اور اس کے بھائیوں نے قبضہ کرکے یہاں پیٹرول پمپ بنادیا جس کی وجہ سے گردونواح کے لوگ اور سکول جانے والے بچے سخت پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے لوگوں نے مافیاز کو ایسی کارروائی کرنے سے منع کیا بااثر افراد کی جانب سے انہیں جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں ۔ انہوں نے ڈویژن کے منتخب نمائندوں سمیت اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ عوام کی سہولت کے لیے قائم کیے گئے اسٹاپ پر سے قبضہ ختم کرایا جائے اور قابضین کے خلاف کارروائی کی جائے۔
قاسم آباد کے علاقے سنجر ملاح کے رہائشی محبوب ملا نے زمین پر قبضے کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاج جاری رکھا۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے بااثر افراد نے تپیدار اور مختیار کار کے ساتھ ملی بھگت کر کے ان کے اراضی ریکارڈ میں ردوبدل کرکے زمین پر قبضہ کرلیا جس سے روکنے پر وہ انہیں دھمکیاں دے رہے ہیں انہوںنے کہاکہ ہم جگہ جگہ فریاد لیکر گئے لیکن غریب اور بے بس ہونے کے باعث کوئی فریاد سننے کو تیار نہیں ہے جبکہ ملزمان نے عرصہ دراز سے زمین پر قبضہ کررکھا ہے انہوں نے اعلی ارباب اخٹیار سے اپیل کی کہ وہ ان کی زمین پر قبضہ کرنے والے بااثر افراد اور قاسم آباد کے محکمہ ریونیو کے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کرکے انہیں تحفظ وانصاف فراہم کریں ۔
ملازمتوں سے برطرفی کے خلاف سندھ کے انٹرنل سبجیکٹ اسپیشلسٹ اساتذہ نے کاشف مصطفی، عمران پنہور ودیگر کی قیادت میں حیدرآباد پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتال کی اس موقع پر اساتذہ نے بتایا کہ انہیں 2021 اور 2022 میں ہنگامی بنیادوں پر نوکریاں دی گئی تھیں جو جاری تھیں لیکن اچانک 26 اگست کو سیکرٹری تعلیم نے 725 اساتذہ کو لیٹر بھیج دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سندھ کے ہائیر سیکنڈری اسکولوں میں اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ اس وقت 725 خاندانوں کوبدحالی کا شکار کردیا گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک 795 نوکریاں اساتذہ کی آچکی ہیں جن میںان کو کسی جگہ بھی ضم نہیں کیا جارہا ان کا کہنا تھا کہ ہم محنت کر کے اپنا فرض ادا کر رہے تھے اور بلا جواز نکال دیا گیا۔ انہوں نے متعلقہ انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ انہیں ملازمت پر رکھا جائے اور انصاف کیا جائے۔
شہدء سانحہ کارساز کی 18 اکتوبر کو برسی کے موقع پر حیدرآباد میں منعقدہ جلسہ کی تیاریوں اور زمہ داری کے تعین کے ضمن میں پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمدکھوڑو، پی پی پی سندھ کے اطلاعات سیکریٹری سینیٹر عاجز دھامراہ، رابطا سیکریٹری سندھ نعمان شیخ کی زیرِ قیادت دادو، جام شورو اور حیدرآباد اضلاع کے پی پی پی ایگزیکٹو کمیٹی کاایک اجلاس آج منعقد ہوا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہد ذولفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور سانحہ کارساز کے شہدا کا مشن پر گامزن ہے اور ہمشہ عوام کے فلاحی کاموں کو ترجیح دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر شہداء کارساز کی یاد میں اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر قیادت حیدرآباد میں یہ عظیم الشان تاریخی جلسہ منعقد ہونے جا رہا ہے جس میں عوام اور جیالوں کو بھرپور شرکت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر کا جلسہ تاریخ کے بڑے جلسوں میں سے ایک ہوگا جو حیدرآباد میں تاریخ رقم کرئے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلا رنگ و نسل،مذہب، زات و برداری کی تفریق کے بغیر عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے یہ۔ اس موقع پر مذکورہ اضلاع کے پی ایس او کے صدور کو زمہ داری سونپی گئی گے وہ اپنی کمیٹیوں کے اجلاس طلب کر کے ذیلی ونگس کو متحرک بنائیں اور کارکنان اور جیالوں کو جلسہ عام میں بھرپور طریقے سے شرکت کرنے کی ترغیب دیں۔
9اکتوبر کو محکمہ ڈاک کے عالمی دن کے موقع پر جی پی او حیدرآباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں محکمے ڈاک کے ملازمین اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمر بشیر باجوہ چیف پوسٹ ماسٹر حیدرآباد ،ڈاکٹر نجیب الرحمان چاچڑ، ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل فضل کریم مغل ودیگر نے پوسٹ بکس کے حوالے سے پیغام پڑھ کر سنایا جس کی ہدایت ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ سمیع اللہ خان نے دی۔
سماجی تنظیم حیدرآباد سٹی ویلفیئر آرگنائزیشن کے روح رواں اسلم خان دیسوالی کیے زیر اہتمام پاک افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے لطیف آباد میں ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس میں شہر بھر سے سماجی ،کاروباری و صحافتی شخصیات جن میں آل لطیف آباد بزنس فورم کے صدر حسام بیگ،سینئر صحافی راحت کاظمی،سابق یوسی چیئرمین ہارون سانبھری،رائٹر آف پاکستان کے صدر ارسلان عیسانی،مختیار احمد خان،لیبر ڈپارٹمنٹ کے محمد آصف،عبدالرشید قریشی سمنانی کے علاوہ عمائدین و شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی ۔ اس موقع پر ریلی کے شرکا ء سے اسلم خان دیسوالی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والے کسی صورت قوم کے دلوں سے پاک فوج کی محبت نہیں نکال سکتے، پاک افواج سے محبت پاکستانی عوام کے لہو میں شامل ہے اور آخری قطرے تک ہر پاکستانی فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور پاک فوج ہی ہے جس کی بدولت ہم سکون کی نیند سوتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج ملک کی سلامتی کی ضامن ہے اور جس کسی نے بھی ہماری افواج یا ملکی سرحدوں کی جانب میلی آنکھ بھی اٹھائی تو آنکھ نکال دیں گے۔اسلم دیسوالی نے مزید کہا کہ پاکستان کو کئی دہائیوں سے دہشت گردی کا سامنا ہے ،ملک کے بہادر فوجیوں اور شہریوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ایک مثال قائم کی ہے اور پاک فوج کے شہداء کی جانب سے ملک و قوم کے دفاع کیلئے دی جانیوالی قربانیاں بے مثال ہیں جو کہ رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی ۔ انہوں مزید کہا کہ ہم اپنے ملک کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔
حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عدیل صدیقی نے عزم نو ویلفیئر میڈیکل سینٹر کے تین سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طبی سہولیات کی فراہمی صدقہ جا ریہ ہے، ملک میں مہنگے علا ج کی وجہ سے ہما رے معا شرے کا بڑا طبقہ طبی سہولیات سے محروم ہے،حیدرآباد میں طبی سہولیات کے حوالے سے مزید چیریٹیبل ہسپتال بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ بڑھتی ہوئی آبا دی کے باعث سرکاری ہسپتال عوامی علاج و معالجے کی ضروریات کو پور اکرنے کے لئے ناکافی ہے، سماجی ادارے انسانیت کو بیماریوں سے بچانے کے لئے گرانقدر خدمات انجام دے رہے ہیں، عزم نو ویلفیئر میڈیکل سینٹر کی کارکردگی تسلی بخش ہے، منتظمین بلا شبہ تعریف کے مستحق ہیں۔ قبل ازیں پاکستان عزم نو آرگنائزیشن کے پروجیکٹ عزم نو ویلفیئر میڈیکل سینٹر کے سرپرست اعلی حاجی محمد ایوب قریشی نے مہمان خصوصی عدیل صدیقی کو شیلڈ پیش کیں۔ پاکستان عزم نو آرگنائزیشن اور عزم نو ویلفیئر میڈیکل سینٹر کے سربراہ تحسین محمدی نے تین سالہ کارکردگی پر بریفنگ میں بتایا کہ محدود مدت میں ماہر ڈاکٹرز نے چالیس ہزار سے زائد مریضوں کا معائنہ کر کے مفت ڈسپنسری ادویات مہیا کی ہیں، حیدرآباد میں سب سے سستی الٹرا سانڈ سروس دے رہے ہیں اور اسپتال فارمیسی پر مریضوں کو بیس تا پچاس فیصد تک ڈسکانٹ کی بھی سہولت ہے، ہمارا مقصد انسانیت کی خدمت ہے ہم چاہتے ہیں کہ لوگوں کی خدمت کریں، اس کے علا وہ ہم مریضوں کو الٹرا سانڈ، ایکسر ے، پیتھالوجی لیبارٹری اور پچاس فیصد ڈسکانٹ پر ادویات بھی فراہم کر رہے ہیں۔اس موقع پر حیدرآباد چیمبر کے اراکین احسن ناغڑ، اعجاز علی راجپوت، علی رضا آرائیں سمیت عزم نو ویلفیئر میڈیکل سینٹر کے دیگر منتظمین بھی موجود تھے۔
پبن پولیس کی چھاپہ مار کارروائی، بھاری مقدار میں کچی شراب کی سپلائی ناکام، ملزم گرفتارایس ایس پی حیدرآباد ڈاکٹر فرخ علی کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے حیدرآباد پولیس کا منشیات، مین پوری و انڈین گٹکا سپلائر اور دیگر سماجی برائیوں میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری چیک پوسٹ پبن انجارج سب انسپکٹر لیاقت علی مغیری کی مہران خاصخیلی و دیگر اسٹاف کے ہمراہ کارروائی پبن پولیس نے خفیہ انفارمیشن پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے منشیات سپلائر بشیر منگوانو کو گرفتار کرلیا بھاری مقدار میں کچی شراب پولیس تحویل میں لے لی گئی گرفتار منشیات سپلائر نے ابتدائی تفتیش کے دوران کچی شراب مختلف مقامات پر سپلائی اور فروخت کرنے کے انکشافات کیے گرفتار ملزم کا سابقہ کرمنل ریکارڈ چیک کیا گیا جس کے نتیجے میں ملزم چیک پوسٹ پبن کے مقدمہ کرائم نمبر 239/2024 میں مطلوب معلوم ہوا گرفتار منشیات سپلائر کے قبضے سے 4 عدد گیلن می کچی شراب برآمد ہوئی گرفتار ملزم کے خلاف حدود آرڈیننس کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ۔