سرگودہا (رپورٹ این آئی نیوز ایجنسی)
سرگودھا عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پرامن انعقاد کا مشن لیے وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ انتظامات کے جائزہ کیلئے ہفتہ کی شام سرگودہا پہنچے۔ صوبائی وزیر کی زیر صدارت ڈویژن بھر میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مجموعی انتظامات دیکھنے کیلئے کمشنر دفتر میں جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں کمشنر جہانزیب اعوان ، ریجنل پولیس آفیسر محمد شہزاد آصف خان ،ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور ضلعی پولیس آفیسر ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کے علاوہ خوشاب ،میانوالی اور بھکر کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز ویڈیو لنک سے شریک ہوئے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام مکاتب فکر کیساتھ مل کر عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بہترین انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔ سرگودہا ڈویژن میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کل 253 جلوس اور 478 محافل میلاد ہوں گی۔ اسی طرح سرگودہا میں میلاد النبی کے 84 جلوس اور 105محافل، خوشاب میں 46 جلوس اور 40 محافل ، میانوالی 68 جلوس اور 13 محافل اور بھکر میں 55 جلوس اور 320 محافل میلاد ہوں گی۔ میلادجلوسوں کے روٹس پر 370 سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے جائیں گے جن میں سرگودہا میں 112, خوشاب میں 60, میانوالی میں 100 اور بھکر میں 98 کیمرے لگائے جائیں گے۔ چاروں اضلاع میں مجالس کی فول پروف سیکورٹی یقینی بنانے کے لیے 1769 اور جلوسوں کی سیکورٹی کے لیے 3740 پولیس افسران و اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔ اسی طرح 2910 رضا کاروں کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر جلوس کے شرکائ کے لیے سبیلیں لگانے کے ساتھ مٹھائی بھی تقسیم کی جائے گی۔ مزید بتایا گیا کہ سرکاری و نجی عمارتوں پر چراغاں جبکہ بازاروں کی خوبصورت سجاوٹ کی جا رہی ہے۔صوبائی وزیر مواصلات صہیب احمد ملک نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر وہ چاروں اضلاع میں خود جاکر انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مذہبی عقیدت و احترام سے منانے اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ بروقت معلومات کی ترسیل کیلئے ڈویڑن ،ضلع اور تحصیل سطح پر کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں۔ تمام مرکزی جلوس اور محافل میلاد کیلئے سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جو مستعدی سے زمہ داریاں ادا کریں گے۔ کمشنر اور آر پی او نے اجلاس کو تمام انتظامات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ چاروں اضلاع کے کمشنرز اور ڈی پی اوز نے بھی اجلاس کو انتظامات بارے بریفنگ دی۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے شہر سے نکالے جانے والے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مزکری جلوس کے تمام انتظامات کا موقع پر جا کر جائزہ لیا۔