راجہ نورالہی عاطف
اللہ تعالی ا کے فضل وکرم سےعلاقہ تھل کی مٹی زرخیز ہے۔ یہاں سے تعلق رکھنے والے نامور سپوتوں نے اندرون اور بیرون ممالک میں مختلف حوالوں سے خوب نام کمایا ہے ۔ انہیں نامور سپوتوں میں ایک نام سیٹھ محبوب سلطان کا بھی ہے ۔ جن کا تعلق ضلع خوشاب کی تحصیل نورپور تھل سے ہے ۔ وہ نورپورتھل کی ممتاز مذہبی، سماجی اور تجارتی شخصیت الحاج سیٹھ اللہ رکھا مرحوم کے صاحبزادے اور معروف ٹرانسپورٹر سیاسی و سماجی اور کاروباری شخصیت سیٹھ ثمر سلطان کے چھوٹے بھائی ہیں ۔ نورپور تھل کی یہ سیٹھ فیملی علاقہ بھر میں نہایت عزت و احترام کی نظر سے دیکھی جاتی ہے ۔ سیٹھ محبوب سلطان 2007 ء سے پیرس/ فرانس میں قیام پذیر ہیں اور وہاں پر اپنا بزنس کر رہے ہیں ۔ اللہ تعالی ا نے انہیں بہترین صلاحیتوں سے سرفراز کیا ہے ۔ موصوف ہردلعزیز، ملنسار ،پروقار، خوش گفتار، بردبار ، خوش اخلاق، خوش لباس اور معاملہ فہم شخصیت کے مالک ہیں ۔ فرانس میں قیام کے دوران انہوں نے جہاں اپنے کاروبار کے فروغ کے لیے بھرپور تگ و دو کی وہاں یورپ میں قیام پذیر پاکستانی کاروباری شخصیات سے بھی قریبی رابطہ رکھا ۔ ان کی متحرک شخصیت کی وجہ سے انہیں پاکستان بزنس فورم فرانس کے میڈیا ہیڈ کی ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔ سیٹھ محبوب سلطان ان دنوں پاکستان بزنس فورم فرانس کے عہدے داران کے ہمراہ وطن عزیز پاکستان آئے ہوئے ہیں ۔ راقم کو ان کے ساتھ ایک خصوصی نشست کے دوران ان کے خیالات جاننے کا موقع ملا ۔ پاکستان بزنس فورم فرانس کے میڈیا ہیڈ سیٹھ محبوب سلطان سے ہونے والی بات چیت نذر قارئین ہے۔ پاکستان بزنس فورم فرانس کے میڈیا ہیڈ نے بتایا کہ پاکستانی قوم کے لاکھوں سپوت بیرون ملک ڈالر کمانے کے لیے سالہا سال سے محنت کر رہے ہیں اور وہ جو بھی کماتے ہیں اپنے ملک میں پراپرٹی خرید کر یا دیگر عام کاروبار کر کے پاکستان کی عوام کے لیے خوشی کی خبر لاتے ہیں کیونکہ ان کی سرمایہ کاری سے ملک میں دولت کی ریل پیل ہوتی ہے اور ان کے بہن بھائی رشتہ دار خوشحال ہوتے ہیں ۔ اگرچہ اس حوالے سے اوورسیز پاکستانیوں کو مختلف نوعیت کے مسائل کا سامنا بھی رہتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ متعدد اوورسیز پاکستانی امریکہ، کینیڈا ،برطانیہ ،سعودی عرب، قطر ،یو اے ای اور فرانس پیرس میں بسنے والے، اپنی بھاری رقوم پاکستان میں بھیجتے ہیں ۔ حکومت پاکستان نے خاص طور پر اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے مختلف فورمز تشکیل دے رکھے ہیں جن کے دفاتر پاکستان کے چاروں صوبوں میں موجود ہیں جو کہ ایک سروس کے طور پر اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے پولیس فورس تک استعمال کرتے ہیں ان فورمز کے ذریعے اگرچہ کافی حد تک ان کے مسائل حل ہو جاتے ہیں لیکن کبھی کبھار اوورسیز پاکستانیوں کو کچھ نہ کچھ مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے ۔ پاکستان بزنس فورم فرانس کے میڈیا ہیڈ نے بتایا کہ بیرون ملک پاکستان کا سفارتخانہ بھی ہمارے مسائل کے حل کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ سیٹھ محبوب سلطان نے بتایا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ جو پاکستانی ملک کے لیے ڈالر کما رہے ہیں سفارت خانے ان کے مسائل کے حل میں بھرپور دلچسپی لینے لگے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ ،امریکہ، متحدہ عرب امارات، فرانس اور پیرس سمیت گلف کے ممالک میں پاکستانی محنت مزدوری کر کے اپنے بال بچوں کے لیے ڈالر پاکستان بھیجتے ہیں ،ان کے لیے بہترین سہولیات ان کا حق بنتا ہے ۔ سیٹھ محبوب سلطان نے کہا کہ حکومت پاکستان کی وزارت اوورسیز پاکستانی اور وزیراعظم پاکستان کا ہمارے مسائل کی طرف خصوصی توجہ مبذول کرنا خوش آئند بات ہے ۔ ان اقدامات سے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے تو ان کے دل ہمیشہ باغ باغ ہوتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے رغبت ہمارے پیارے ملک کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک شگون ہے ۔ ان کے سرمایہ کو محفوظ بنانے سے ان کی مزید حوصلہ افزائی ہوگی ۔ انشاءاللہ پھر پاکستان میں ریل اسٹیٹ اور دیگر کاروبار فروغ پائیں گے اور ملک میں خوشحالی کا خواب انشاءاللہ شرمندہ تعبیر ہوگا ۔ سیٹھ محبوب سلطان نے پاکستان بزنس فورم فرانس کی تشکیل کے اغراض و مقاصد بارے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس فورم کی تشکیل کا مقصد یورپ میں مقیم پاکستانی کاروباری طبقہ کی فلاح و بہبود کے لیے تگ و دو کرنا ہے تاکہ ان کو درپیش مسائل کا ہر ممکن حل تلاش کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے چیئرمین پاکستان بزنس فورم فرانس سردار ظہور اقبال ، صدر چودری حاجی محمد اسلم ، سیکرٹری انٹرنیشنل آفیئرز یاسر خان ، جنرل سیکرٹری بزنس فورم حاجی اکرم جاوید اور دیگر جملہ متعلقہ عہدے داران اور ممبران کی مخلصانہ کاوشیں قابل صدستائش ولائق تحسین و آفرین ہیں۔پاکستان بزنس فورم فرانس کے میڈیا ہیڈ نے مزید بتایا کہ ان دنوں ہمارے بزنس فورم کے وفود پاکستان میں ارباب بست و کشاد کے ساتھ تواتر سے نشستیں کر رہے ہیں ۔ انہوں نے اپنی ان سرگرمیوں کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان بزنس فورم فرانس کے وفد پاکستان میں قائم مقام سفیر موسیو گیوم سے بھی ملاقات کی ہے ۔ بزنس فورم کے وفد سے انہوں نے گفتگو کرتے ہوءے کہا ہے کہ فرانس اور پاکستان کے درمیان گزشتہ چند سالوں سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ سیٹھ محبوب سلطان کے مطابق ہمارے وفد کی ملاقات سفارت خانہ فرانس اسلام آباد میں ہوئی ۔ پاکستان بزنس فورم فرانس کے میڈیا ہیڈ کے مطابق ہمارے وفد کی ملاقات چیئرمین بزنس فورم فرانس سردار ظہور اقبال کی زیر قیادت گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے بھی ہوءی ہے ۔ اس ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے اوورسیز پاکستانیوں کی حب الوطنی کو زبردست تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی اپنے ملک کے لیے سرمایہ کاری نہایت مستحسن اقدام ہے ۔ سردار سلیم حیدر خان نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل وزیراعظم پاکستان تک پہنچانے کا وعدہ کرتے ہوئے ان کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی ۔ سیٹھ محبوب سلطان نے کہا کہ اللہ تعالی ا کے فضل و کرم سے پاکستان بزنس فورم فرانس کا قیام ایک خوش ائند اقدام ہے ۔ ہم اس پلیٹ فارم سے فرانس اور پاکستان کے درمیان پل کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ وطن عزیز پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے اوورسیز پاکستانی اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے ۔