پی ٹی آئی نفرت اورانتشار کی سیاست کر رہی ہے: صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر رانا منور غوث
سرگودھا(رپورٹ ڈویژنل بیورو چیف طاہر مغل ای این آئی)سرگودھا صوبائی وزیر زکواۃ و عشر رانا منور غوث خاں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے بانی قائد کی ایماء پرملک میں نفرت اور انتشار کو فروغ دے رہی ہے۔یہ بات انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن یوسی 110 کے رہنما ڈاکٹر محمد صدیق شیخ کی جانب سے منعقدہ عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں فیصل شیخ، رانا ارشاد ایڈووکیٹ، شیخ عبدالحلیم،شیخ اسرار،شیخ محمد صدیق روپڑی،شیخ محمد سلیم کونسلر،شیخ شہباز احمد،شیخ ظفر اقبال،شیخ محمد طارق،شیخ محمد اشفاق سمیت مقامی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت مختلف عوام دوست اقدامات کر رہی ہے اور صوبہ پنجاب کو خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے متعدد منصوبے بھی زیر تکمیل ہیں۔رانا منور غوث نے کہا کہ اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد انہوں نے زکوٰۃ اور عشر کے ضلعی دفاتر کا دورہ کیااورکارکردگی کاجائزہ لیا۔ رانا منور غوث خان نے کہا کہ افسران کو واضح کر دیا گیاہے کہ مستحق لوگوں کو زکوٰۃ کی فراہمی میں شفافیت کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی 78 کو خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ بعد ازاں انہوں نے تقریب اور شاندار عشائیہ کا اہتمام کرنے پر ڈاکٹرشیخ صدیق اور انکے بیٹے شیخ فیصل کا تہہ دل سے خصوصی شکریہ ادا کیا