بھاولپور (میاں میراحمدمستانہ سہروردی سے ) ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چشتیاں
چوہدری محمد افضال فردوسی نے کہا ہے کہ حکومت کی ہدایات کے مطابق سرکاری پرائمری ومڈل سکولوں میں معیارتعلیم بلند کرنے کیلئے ہیڈماسٹرز واساتذہ کو سخت محنت کرنا ہوگی جبکہ سکولوں میں تعلیمی ماحول کو خوبصورت بنانے کیلئے اپنی مدد آپ کے تحت شجر کاری اور پھولدار پودے لگائیں اور طلبا کی تعلیمی استعداد میں اضافہ کی خاطر ایک کمرے میں لائبریری بنائیں۔انہوں نے مقامی ہال میں آل پاکستان ایلیمنٹری سکولز ہیڈماسٹرز ایسوسی ایشن چشتیاں کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئے گئے ظہرانہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ چشتیاں میں سرکاری ایلیمنٹری سکولز کی تعداد 35،پرائمری سکولز 145ہیں جہاں 700اساتذہ کرام ہزاروں بچوں کو سخت محنت کے ساتھ تعلیم دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سکولوں کے500 اساتذہ ریٹائر ہوچکے ہیں چنانچہ سٹاف کی کمی کے بارے میں حکام کو آگاہ کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پرائمری ومڈل سکولوں کا نظام بھی آن لائن کیا ہے لہذا جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ہیڈماسٹرز اساتذہ کے تعاون سے صبح اسمبلی میں اساتذہ وطلبا کی حاضری،رجسٹر حاضری،کلاس میں بچوں کا ہوم ورک چیک کرنے،اور شجرکاری و پودوں کی دیکھ بھال بارے روزانہ کی بنیاد پر باتصویر رپورٹ تحصیل آفس کو روانہ کریں۔انہوں نے کہا کہ تمام امور کی نگرانی کیلئے 18 اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز روزانہ دو دو سکولز کا وزٹ کرکے رپورٹ تحصیل و ضلع دفتر کو ارسال کریں گے۔انہوں نے اساتذہ کو ہدایت کی کہ وہ باہمی تعاون کے ساتھ کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے اپنے سکول کی کارکردگی کو بہتر بنائیں۔اس موقع پر ہیڈماسٹرز ایسوسی ایشن چشتیاں کے آرگنائزرملک فیصل سلطان،جاوید اقبال،خالد رشید اور سینئر ٹیچر عبدالغفار ناز نے بھی خطاب کیا۔