ڈیرہ غازی خان(رانا فیصل سے)ڈیرہ غازی خان شہر میں تجاوزات قائم کرنے پر تین افراد موقع پر گرفتار،ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے دکانداروں کو ذاتی سکواڈ کی گاڑی میں بٹھا کر متعلقہ تھانے کے حوالے کردیا۔ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان مہر شاہد زمان لک نے ییلو لائن سے آگے سامان رکھنے پر تین دکانداروں کو موقع پر گرفتار کرایا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تجاوزات مافیا کسی رعائت کے مستحق نہیں بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ،تعلیمی اداروں اور مارکیٹوں کے دورے کئے۔کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔پرچی سے لیکر ٹیسٹ،علاج معالجہ اور ادویات کے حصول تک کے مراحل کا جائزہ لیا۔ایم ایس ڈاکٹر عبدالرحمن نے کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کے امور سے متعلق بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے مریضوں اور لواحقین سے بھی معلومات لیں۔انہوں نے سپیشل ایجوکیشن سنٹر میں گرین میٹر اور نئے ٹرانسفارمر کی تنصیب کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سولر پینلز سے زیادہ انرجی پیدا ہورہی ہے۔گرین میٹر کی تنصیب سے واپڈا کو بجلی دی جاسکے گی جس سے ادارہ کو معاشی فائدہ ہوگا۔ڈپٹی کمشنر نے سپیشل ایجوکیشن سنٹر کے واش رومز کو فنکشنل رکھنے کے بھی احکامات جاری کئے۔انہوں نےملا قائد شاہ قدیم میں اساتذہ اور بچوں کی حاضری چیک کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی غیر حاضری کی وجوہات معلوم ہونی چاہئے۔ڈپٹی کمشنر نے بچوں سے نصابی اور عام معلومات کے بھی سوالات کئے۔کمپیوٹر لیبز اور دیگر شعبوں کا بھی معائنہ کیا۔اضافی کلاس رومز کے تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا۔موقع پر تعمیراتی کام اور فنڈز جاری نہ ہونے کی وجوہات طلب کرلیں۔اے سی صدر تیمور عثمان،ڈی ڈی ڈویلپمنٹ امیر مسلم اور دیگر افسران ہمراہ تھے۔