ڈیرہ غازی خان(رانا فیصل سے)ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں ستھرا پنجاب کے ہر گاؤں کو ماڈل بنایا جائے گا۔افرادی قوت اور مشینری کےلئے ٹینڈر جاری کردئیے گئے ہیں۔صرف فیلڈ میں کام کرنے والے اہلکار کو تنخواہ ملے گی۔ یہ احکامات کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے ویڈیو لنک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کئے۔اجلاس میں پانچوں ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران شریک تھے۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن کو غیر قانونی پٹرول پمپس سے پاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تمام غیر قانونی آئل یونٹس سربمہر ہوں گے۔کمشنر نے کہا کہ پانچوں اضلاع میں بلڈنگز،ہاوسنگ کالونیز،پٹرول پمپ اور دیگر زیر التوا این او سیز فوری جاری کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ میرج ایکٹ کی خلاف ورزی پر ہالز کم سے کم ایک ہفتہ کےلئے سیل ہوں گے۔بھاری جرمانے ،گرفتاریاں اور دیگر قانونی کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو گنے کی سوفیصد ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ڈپٹی کمشنرز شوگر کین کی ادائیگی کرا کر سرٹیفکیٹ فراہم کریں۔عام آدمی کو معاشی ریلیف دلانے کےلئے اشیاء خوردونوش کی سرکاری قیمت پر دستیابی یقینی بنائی جائے۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹ فیلڈ میں نکلیں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف گھیرا تنگ کردیا جائے۔اجلاس میں سی ایم انیشیٹوز اور دیگر معاملات کا جائزہ لیتے ہوئے بہتری کےلئے ہدایات جاری کی گئیں۔