منشیات کے ناسور کو سماج سے ختم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، رافعہ ملاح
منشیات اور نشہ آور اشیا کا استعمال ہمارے سماج میں جس تیزی سے پھیل رہا ہے وہ انتہائی تشویش ناک ہے ، اس معاشرتی زہر سے واقفیت اور آگاہی دینے کی ضرورت ہے تاکہ والدین اور سکولوں کی انتظامیہ خاص طور پر اس کے سد باب کے لیے سنجیدہ کوششیں کریں
یہ بات محترمہ رافعہ مٙلّٙاح صاحبہ ڈائریکٹر ، ڈائریکٹوریٹ آف پرائیوٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ نے شعبہ تعلیم جماعت اسلامی سندھ کے زیر انتظام منشیات کے عالمی دن کے موقع پر ایک سیمنار میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے مزید کہاکہ گھر میں موجود والدین کو بچوں کی اخلاقی تربیت کے حوالے سے اپنی ذمہ داری ادا کرنے کی ضرورت ہے اسی طرح تمام تعلیمی اداروں کے ذمہ داران اور سکول مالکان بھی بچوں میں نشہ آور اشیا کے فروغ کا خصوصی نوٹس لیں تاکہ بروقت ناپسندیدہ عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔
سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ تعلیم جماعت اسلامی سندھ کے صدر انجینئر انتصار غوری نے ملک بھر میں منشیات میں مبتلا عادی افراد کے اعدادو شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں منشیات کے استعمال کے بڑھتے ہوئے رجحان کو فوری طور پر قابل پانے کی ضرورت ہے کیوں کہ منشیات کے عادی افراد میں خصوصاً نوجوانوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے
سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے انسداد منشیات کے حوالے سے سرگرم تنظیم فانوس فرینڈز آف اینٹی نارکوٹکس سندھ کے صدر رفیع احمد نے کہا کہ تنظیم فانوس گزشتہ تین دہائیوں سے محلوں اور تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام اور شعور بیدار کرنے کے لیے کام کررہی ہے
سیمنار سے ہمدرد یونیورسٹی کے سابق رجسٹرار اور ایف ایم چینل سے تعلق رکھنے والے صحافی سہیل سعید خان ، فیڈریشن آف پرائیوٹ سکولز پاکستان کے چئیر مین علیم قریشی اور کراچی فیڈریشن آف پرائیوٹ سکولز اینڈ کالجز لے جنرل سیکرٹری ثناءاللہ مغل نے بھی خطاب کیا