تحریر : راجہ نورالہی عاطف
ایوان کارکنان تحریک پاکستان شاہراہِ قائد اعظم (مال روڈ) میں ادارہ نظریہ ء پاکستان بااشترک تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ محفلِ میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں متمنی شرکت بیگم مہناز رفیع ، ڈاکٹر پروین خان ، بیگم خالدہ جمیل اور بیگم صفیہ اسحاق تھیں ۔ ماہ ربیع الاول کے آغاز کے ساتھ ہی ہر طرف موسم بہار آ جاتا ہے۔ آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دیوانوں اور عاشقوں میں خوشی کی لہر دوڑ جاتی ہے گویا کہ بچے بوڑھے، جوان اور خواتین بھرپور انداز سے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اہتمام کرتے ہیں۔ جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر میزبان نے مہمانوں کا پرجوش انداز میں استقبال کیا گیا، مہمانان گرامی کو پھولوں کے ہار بھی پہنائے گئے۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ نعت رسولِ مقبول ثمن مخدومی ، میرب مخدومی ، نازیہ مخدومی نے پیش کی۔ اس کے بعد نعت رسول مقبول کی سعادت معروف گلوکارہ ہما عمران نے حاصل کی اور ریڈیو ٹی وی کی مشہور و معروف نعت خواں حافظہ عائشہ قاریہ بمعہ گروپ نے عقیدت بھرے انداز میں دف بجا کر نعت پیش کی اور حاضرینِ محفل کی خوب داد سمیٹی ۔ نظامت کے فرائض بیگم صفیہ اسحاق نے سر انجام دیئے۔مہمان خصوصی ساجدہ فاروق تارڑ ، نبیرہ عندلیب اور صباحت رمضان سیالوی تھیں ۔ مہمان خصوصی ساجدہ فاروق تارڑ والدہ عطا تارڑ وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے خطاب میں کہا یقینا میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا منانا ایمان کو جلا بخشتا ہے مجھے بہت خوشی ہوئی نظریہ ء پاکستان ٹرسٹ نے مجھے آج کی اس پر نور محفلِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں مدعو کیا۔ بیگم مہناز رفیع نظریہ پاکستان ٹرسٹ کی بورڈ آف ڈائریکٹرز کا حصہ ہے لہذا انھوں نے محفلِ میلاد میں اپنے ابتدائیہ کلمات میں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے اغراض ومقاصد بیان کیئے اور سیرتِ طیبہ پر بات کرتے ہوئے کہا ہم امت محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق رکھنے والے ہر فرد کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کی خوشی اس انداز سے منائے کہ قلب و روح اس خوشی کے احساس سے شادماں ہو جائے۔ مزید بات کرتے ہوئے خاص کر نوجوان نسل کی نمائندگی کرنے والی بچیوں سے کہا ہم آج کے دن تجدید عہد کرتے ہیں کہ ہم اپنے ملک و قوم کی خدمت سیرت النبی کے رہنما اصولوں پر چلتے ہوئے گزاریں گے۔ بیگم صفیہ اسحاق نے سیرتِ طیبہ پر اظہار خیال کیا۔ اس کے بعد سیرت النبی پر خطاب صباحت رمضان سیالوی بیگم خطیب داتا گنج بخش نے کیا۔ بعد ازاں نبیرہ عندلیب جامعہ نعیمیہ سراجیہ سربراہ شعبہ خواتین نے ختم نبوت پر تفصیلی گفتگو کی اور کہا ہمارے نبی حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم آخر الزماں ہیں ان کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا ختم نبوت کو جھٹلانے والے کافر ہیں۔ ڈاکٹر پروین خان نے بچوں کی اخلاقیات پر درس دیا۔ میلاد مصطفیٰ میں جامعہ نعیمیہ سراجیہ لاہور کی طالبات اور گورنمنٹ کالج برائے خواتین فیروز پور روڈ لاہور نے اپنی اساتذہ کے ساتھ بھرپور شرکت کی اور درود و سلام کا نذرانہ عقیدت پرجوش انداز میں پیش کیا۔ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بڑی تعداد نے محفلِ میلاد میں شرکت کی ۔ خصوصی شرکت ایڈووکیٹ سمیرا اعوان ، عائشہ رضا خان ، نازیہ بٹ، نائلہ عمر ، کنول نسیم سنیئر صحافی، ڈاکٹر یاسمین جاوید ، ہما عمران نعت خواں ، نازیہ جبیں ٹرینر اینڈ سوشل ایکٹوسٹ ، ڈاکٹر بشریٰ ، تسلیم اکرام، عذرا چودھری ، نبیلہ شاہین ٹرینر عورت فاؤنڈیشن ، رخسانہ لیاقت سوشل ایکٹوسٹ ،روبینہ شاہین ،نبیلہ اکبر سیرت نگار و صحافی، میڈم کرن ، ریحانہ شیخ، نجمہ بلال ، فوزیہ سلطانہ اور دیگر خواتین مہمان تشریف لائیں ساعتوں بھری محفل میلاد میں۔ آخر میں نذرانہ سلام پیش کیا گیا بعد ازاں خالدہ جمیل چوہدری نے بڑے پر سوز انداز میں دعائیہ الفاظ ادا کیے تمام محفل میلاد النبی میں شرکت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور وسیع پیمانے میں لنگر تقسیم کیاگیا۔ آخر میں ایک شعر۔۔۔
ہے فخرِ دو عالم کی ثناء اب بھی ادھوری
صدیوں سے ادیبوں کے قلم ٹوٹ رہے ہیں