گرجا روڈ پر 6.1 کروڑ کی لاگت سے گیس پائپ لائن مکمل: مصدق ملک
3 فرٹیلائزر پلانٹس کو 43 ارب روپے کی گیس سبسڈی دی جاری ہے۔ وفاقی وزیر
اسلام آباد: وفاقی وزیر مصدق ملک نے سینیٹ اجلاس میں بتایا کہ گرجا روڈ راولپنڈی پر گیس پائپ لائن کا منصوبہ 6.1 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ مختلف علاقوں میں اسٹیل کے بجائے پلاسٹک کی پائپ لائن بچھا رہا ہے تاکہ پائپ لائنوں کو زنگ سے بچایا جا سکے۔
جمعہ کو سینیٹ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران مصدق ملک نے کہا کہ مختلف گلیوں میں پائپ لائنوں کا سائز مختلف ہے تاکہ گیس کے دباؤ کو برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ منصوبہ پانچ مختلف کنٹریکٹرز کو دیا گیا تھا۔
دریں اثناء، سینیٹر زرقہ سہروردی نے فرٹیلائزر پلانٹس سے متعلق سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ سبسڈی حاصل کرنے والے پلانٹس کے ناموں کی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔ اس پر وفاقی وزیر مصدق ملک نے وضاحت کی کہ تمام فرٹیلائزر پلانٹس منافع میں ہیں اور حکومت تین کمپنیوں، جن میں فاطمہ اور ایگری ٹیک شامل ہیں، کو 43 ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔
سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر زرقہ سہروردی اور سینیٹر دنیش کمار کے درمیان ضمنی سوالات کرنے پر تلخ کلامی بھی دیکھنے میں آئی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سینیٹر زرقہ کو سوال کرنے کا موقع دیا، جس کے بعد انہوں نے شعر سنانا شروع کر دیا، جس پر دنیش کمار نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ سوال کرنے کا موقع ان کا تھا۔