حیدرآباد(بیورو رپورٹ) حیدرآباد میونسپل کمشنر ظہور احمد لکھن نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گدا حسین سومرو کے ہمراہ میئر سیکریٹریٹ سوک سینٹر میں شہر حیدرآباد میں ٹریفک کی صورتحال اور شہر میں آمد و رفت کو بہتر بنانے کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ٹاؤن چیئرمینز عبدالغفور درس ، مصطفی بلال ، منٹھار جتوئی ، ڈی ایس پی مارکیٹ انور ایچ شاہ، فاروق احمد بھٹی ڈی ایس پی ٹریفک ،مقصود احمد چوہان صدر لوہار مارکیٹ ،افضل چوہان جنرل سیکرٹری لوہار مارکیٹ ،عبدالرشید خلجی صدر پھلیلی بازار ،خالد بندھانی جنرل سیکرٹری گڈز ٹرانسپورٹ، چوہدری اسلم چیف پیٹرن اناج منڈی حیدرآباد ، جلال الدین جنرل سیکرٹری اناج منڈی حیدرآباد سمیت مختلف تاجر و تجارتی انجمنوں کے عہدیداران اور بلدیہ اعلی و دیگر اداروں کے افسران شریک تھے اجلاس میں شہر میں قائم بھینسوں کے باڑوں ، اور دیگر تجاوزات کے خاتمے اور حیدرآباد میں ماسٹر پلان سے قبل اقدامات کرنے پر بات چیت ہوئی اس موقع پر میونسپل کمشنر ظہور احمد لکھن نے کہا کہ بلدیہ اعلی حیدرآباد کی قیادت حیدرآباد کو ہر لحاظ سے ایک بہتر شہر بنانا چاہتی ہے اور اسی حوالے سے ہم شب و روز اپنی کاوشیں کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور اسی سلسلے میں شہر کے ماسٹر پلان پر بھی کام ہو رہا ہے شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث شہر میں آمدو رفت اور ٹریفک جام کے مسائل بڑھ رہے ہیں تاہم آج کا اجلاس بلانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ ہم اس شہر کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر حکمت عملی ترتیب دیں اور اسکے لئے ہم ایک اور اجلاس بلالیں گے تاکہ سب کو اعتماد لے کر فیصلے کریں گے، اجلاس میں شہر کی آبادیوں قائم بھینسوں کے باڑوں کی منتقلی، گڈز ٹرانسپورٹ اور اناج مارکیٹ کی منتقلی کے امور پر بھی بات چیت کی گئی