بھاولنگر(میاں میراحمدمستانہ سہروردی سے ) ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں ٹریفک حادثات کو کنٹرول کرنے کیلئے خصوصی اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں، خصوصی ٹیمیں ضلع بھر میں کم عمر ڈرائیورز کی حوصلہ شکنی، موٹر سائیکل سواروں کے لئے ہیلمٹ اور سائیڈ شیشوں کا استعمال، سکول و کالجز وین میں ایل پی جی سیلنڈرز کے استعمال کی روک تھام کے علاوہ شاہرات پر تیز رفتاری کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں گی۔انہوں نے ٹریفک حادثات کی روک تھام کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ کم عمر موٹر سائیکل سواروں کو تیز رفتاری اور رانگ ٹرن سے روکنے کے لئے والدین، اساتذہ اور تمام ذمہ داران کو کردار ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں ہیوی ٹریفک کو روکنے کے لئے بھی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔طالبعلموں کو پک اینڈ ڈراپ کی سہولت فراہم کرنے والی ٹرانسپورٹ کے فٹنس سرٹیفکیٹس چیک کئے جائیں گے جبکہ سرکاری ونجی تعلیمی اداروں کو سکول کے اوقات کار میں ٹریفک منیجمنٹ کے لئے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کیں۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر DSP محمد واصف سمیت دیگر افسران شریک ھوئے