بھاولنگر (میاں میراحمدمستانہ سہروردی سے)
ڈپٹی کمشنربہاولنگر ذولفقار احمد اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نصیب اللہ خان نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم ملک وقوم کی ترقی اور سلامتی کی خاطر جانوں کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور خون کے آخری قطرے تک ملک وقوم کی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ہمارے ملک کے نوجوان حب الوطنی کے جذبے اور عزم کے ساتھ ملک وقوم کی خدمت کریں۔انہوں نے ضلعی ہیڈکوارٹر پر جشن آزادی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہمارے ملک کے نوجوان حب الوطنی کے جذبے اور عزم کے ساتھ ملک وقوم کی خدمت کریں،شہدائے پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے بے مثال قربانیاں دیکر ہمارے لئے علیحدہ آزاد ایک ریاست دی ہے۔ تقریب میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات نے ملی نغمے پیش کیے اور آزادی پاکستان کے حوالہ سے ملی جوش وجذبہ سے تقرریں بھی کیں۔تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی،تعمیرو ترقی، امن و امان اور استحکام کیلئے دعا بھی کروائی گئی۔قبل ازیں پرچم کشائی کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا۔تقریب میں محکمہ پولیس کے دستہ نے ہلالی پرچم کو سلامی پیش کی اور مارچ پاسٹ کیا۔تقریب میں مختلف محکموں کے ضلعی و تحصیل افسران نے بھی شرکت کی۔