بھاولپور(میاں میر احمدمستانہ سہروردی سے )ڈپٹی کمشنر بہاولنگرذوالفقار احمد اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرنصیب اللہ خان نے کہا ہے کہ زندگی بچانے والی سروس ریسکیو 1122کی خدمات نہ صرف قابل تعریف ہیں بلکہ معاشرے کو تحفظ کا احساس فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ریسکیو 1122بہاول نگر کی جانب سے سیلاب جیسی آفت سے نبرد آزما ہونے کیلئے دریائے ستلج بھوکاں پتن کے مقام پرفرضی مشقوں کے مظاہرہ کے موقع پر اپنے مشترکہ بیان میں مزید کہا کہ ریسکیو1122کے بہادر جرات مند اہلکار کسی بھی ہنگامی صورت حال آتشزدگی،سیلاب،ڈوبنے،عمارت گرنے،بیماروں کو ہسپتالوں میں پہنچانے کے دوران دوسروں کی زندگی بچانے میں قابل فخر کردار ادا کر رہے ہیں اور ریسکیو 1122بہترین کارکردگی کی علامت بن چکے ہیں۔ریسکیو اہلکاروں نے فلڈ میں ڈوبتے ہوئے لوگوں کو بچانے اورانخلاکے دوران زخمی ہونے والے افراد کو ابتدائی طبی امداد دیتے ہوئے ہسپتال منتقل کرنے کی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ افسران نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 راو شرافت علی کے ہمراہ مختلف محکموں کی طرف سے لگائے گئے کیمپوں کا دورہ کیا اور سیلاب کے دوران ریسکیو اینڈ ریلیف کیلئے استعمال ہونے والے آلات کا معائنہ بھی کیا۔ تقریب کے اختتام پر ریسکیو محافظ ٹیم میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں.#