حیدرآباد۔ای این آئی
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و رکن قومی اسمبلی کھئیل داس کوہستانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں اس وقت معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، مسلم لیگ کو ہر بار حکومت مشکل دور میں ہی ملی ، وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، بجلی کے مسائل کے حل کے لئے وزیر اعظم دن رات محنت کر رہے ہیں ۔ وہ قاسم آباد میں میر یاسر تالپور کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے ضلع حیدرآبادکے صدر کلیم شیخ، عبدالوحید انقلابی، میر یاسر تالپور و دیگر بھی موجودتھے۔ کھیئل داس کوہستانی نے کہاکہ اٹھارویں ترمیم کے بعد ہمارے پاس مینڈیٹ نہیں،اڈیالہ جیل میں بیٹھا شخص خواب دیکھتا ہے کہ یہ ملک سری لنکا بن جائے گا کبھی کہتا ہے کہ یہ ملک بنگلادیش بن جائے گا اس کو پتہ نہیں یہ ملک خوشحال پاکستان ہے اور خوش رہے گا، ہمارے وزیراعظم دن رات محنت کرکے اس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے پر لگے ہوئے ہیں، وہ 20گھنٹے کام کرتے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز 20گھنٹے کام کرتی ہیں سب کوپتہ ہے کہ پنجاب کی سڑکیں کیسی ہیں، سرکاری ہسپتالوںمیں دوائیں مفت فراہم کی جارہی ہیں، سارے ہسپتال فعال ہیں، آئی ٹی پروگرا شروع ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کچھ جگہوںپر دہشت گردی کے واقعات ہورہے ہیںوہ بھی سابقہ حکومت کا کارنامہ ہے کیونکہ سابق صدر عارف علوی کے دستخط سے 102د ہشت گردوں کو چھوڑا گیا اور انہیں آسان راستہ دیا گیا جنہوں نے باہر نکلتے ہی دہشت گردی شروع کردی ہے، جبکہ شہباز شریف نے ضرب عضب شروع کرکے دہشت گرووں کا کافی حد تک صفایا کردیا تھا ، آج بھی ہماری افواج دہشت گردوںکیخلاف برسرپیکار ہے ، آج پاک فوج کی بدولت ہم چین کی نیند سوتے ہیں، ہماری سرحدیں محفوظ ہیں، یہ بہادر جوان اپنی شہادتیں پیش کرکے دہشت گردوں کا خاتمہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کے پی کے کے کچھ افراد فتنہ فساد مچانے اسلام آباد پر چڑھائی کرنے آجاتے ہیں ان کو کسی طورپر بھی اجازت نہیںد یں گے، ہم نے ان کوپارلیمنٹ کے فلور پر بھی ناکام کیا ہے اور آگے بھی شکست دیں گے، انہوں نے کہاکہ فارم 45اور فارم 47 کے تحت اپوزیشن لیڈر عمر ایوب آج بھی اسٹے پر ہیں وہ خود کرپٹ اور دھاندلی کی پیداوار ہیں اگر وہچا ہے تو کیوں عدالت میں گیا، وہ خود ہارا ہوا ہے ، ہمارے تین ایم این اے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد دوبارہ گنتی میںکامیاب ہوئے ، جس طرح انہوں نے ہم پر 35پنکچر کا جھوٹا الزام بنایا اسی طرح فارم 45 کی کوشش ناکام ہوگی، انہوںنے کہاکہ بہت جلد یہ ملک وزیراعظم شہباز شریف اور نواز شریف کی قیادت ترقی کرے گا اور پاکستان ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن ہے اور ہوگا ہم سب دن رات کام کررہے ہیں اور ہم پہلے بھی عوام کے مسائل حل کرتے رہے ہیں اور اب بھی کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ جب ہماری حکومت آئی تو مہنگائی 23 فیصد تھی آج 9 فیصد پر آگئی ہے جو کہ ہماری کامیابی کی منہ بولتا ثبوت ہے۔ نوازشریف کے دور میں کراچی حیدرآباد موٹر وے بنایا گیا جو مثالی ہے اور اب سکھر حیدرآباد موٹر وے شروع کرنے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے رہنما نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے، ہم مشاورت سے قانون سازی کریں گے اور اس کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔
حیدرآباد انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرز کی جانب سے حیدرآباد سے وابستہ سپریم کورٹ کے وکلا،ہائی کورٹ کے وکلا اور ڈسٹرکٹ بار حیدرآباد کے وکلا ء تنظیموں کے عہدیداروں اور حیدرآباد کے معروف وکلاء کے اعزازمیں ایک تعارفی تقریب کا انعقا دمگسی ہاؤس میںہوا، جس میں انسٹی ٹیوٹ کے اغراض ومقاصد اور اس تاریخ کے بارے میں وکلاء کو آگاہی دی گئی۔ اس موقع پر نامور قانون دان یوسف لغاری، امداد علی انڑ، عشرت علی لوھار، پرکاش جھمٹ جیٹانند، فضل قادر میمن، ایاز راجپر، پوسف راہپوٹو، سیکرٹری جنرل ہائی کورٹ عرفان بگھیو،صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ضیا الدین شیخ،جنرل سیکرٹری شاکر نواز شر،ظہیر الدین سہتو، سندھ بار کونسل کے ممبر میان تاج کیریو، آصف شیخ، افضل گجر، مزمل بگھیو، سمیر زمان، بیرسٹر عظمت چنا، پرنسپل جناح کالج دردانہ انصاری، سید احمد رشید، بہزاد میمن سمیت بڑی تعداد میں وکلا برادری نے شرکت کی۔ اس موقع پر سابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شگفتہ کاکا کے انتقال پر ان کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ تقریب میںموجود سابق صوبائی وزیر اور انسٹی ٹیوٹ کے سرپرست نواب راشد علی خان اور سینیٹر ڈاکٹر راحیلہ گل مگسی نے معززین کو اجرک اور ثقافتی تحفہ پیش کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسٹی ٹیوٹ کے صدرمحمد محسن عباسی نے کہاکہ حیدرآباد سمیت سندھ کی ثقافت اور اس کے ورثہ کو اجاگر کرنے کی کوششوںمیںمصروف ہیں۔ہم چاہتے ہیںکہ حیدرآباد کی عظمت رفتہ کو بحال کیاجائے، اس شہر کو بین الاقوامی طورپر متعارف کرکے اس میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور یہاں تیار کی جانے والی مقامی اشیاء کی ملکی و بیرونی ممالک کی منڈیوںمیں رسائی کو یقینی بنایاجائے۔ انہوں نے کہاکہ مختلف ممالک کے سفیروں کو ہم دعوت دے رہے ہیںکہ وہ حیدرآباد میںآئیں اور یہاں پر نوجوانوں کی ترقی کیلئے اپناکردار اداکریں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکریٹری عبدالوہاب منشی نے کہاکہ حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرز کا قیام 1965ء میں ہوا ، اس وقت کے وزیرصنعت ذوالفقار علی بھٹو نے اس کی بنیاد رکھی اور حیدرآباد کے معروف ترین شخصیت نے اس انسٹی ٹیوٹ کو چلانے میںاپناکردار اداکیا۔ ملک کی بین الاقوامی اور نامور شخصیات نے انسٹی ٹیوٹ کے عہدیداروں کی دعوت پر حیدرآباد کے دورے کئے ، ایک بار پھر ہم نے اسے بحال کرکے اس کے ذریعے حیدرآباد ،سندھ اور پاکستان کا سوفٹ امیج دنیا بھرمیں متعارف کرنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر نائب صدر عمران بورانو،راس ایم پرکاش،صدف رضا وڑائچ،ناصر شیخ،انیلا جینسانی، درشن لال،عقیلی جلبانی نے بھی مہمانوں کا شکریہ کیا۔
مہران ورکرز یونین کا ہنگامی اجلاس اتوار کی صبح سرپرست اعلی محمد اعظم راجپوت کی سربراہی میں لطیف آباد میں مبعقد ہوا, اجلاس میں حیدرآباد واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے محنت کشوں سے اپیل کی گئی کہ وہ 9 ستمبر بروز پیر کی صبح نو تنخواں اور پنشنز کی عدم ادائیگی کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں اپنی بھرپور شرکت ضروری بنائیں،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آفتاب لاڑک اور جنرل سیکریٹری محمد اسلم عباسی نے کہا کہ ادارے کے منیجنگ ڈائریکٹر مسلسل غیر قانونی اور سمجھ میں نہ آنے والے آرڈرز کرنے میں مصروف ہیں،گورنمنٹ آف سندھ کے آرڈر کے تحت حیدرآباد واٹر اینڈ سیوریج کارہوریشن کا ادارہ ترقیات حیدرآباد سے کوئی تعلق نہیں ہے، اس کے باوجود ایم ڈی اپنی پسند اور ناپسند کے حساب سے واٹر کارپوریشن کے ملازمین کو ایچ ڈی اے میں رپورٹ کرنے کے غیر قانونی آڑدرز جاری کرہے ہیں،اس کی تازہ مثال چھٹی کے دن سات ستمبر کو آفس کھلواکر ایگزیکٹو انجینئر لطیف آباد کو ایچ ڈی اے میں رپورٹ کرنے کا آرڈر جاری کرنا ہے, ہم ادارے کے ایم ڈی کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ اس طرح کے غیر قانونی آرڈرز کرنے سے پرہیز کریں, اور اپنی تمام توانائیاں نو ماہ سے تنخواں اور پنشنز سے محروم محنت کشوں کی تنخواں کی جلد سے جلد ادائیگی کیلئے خرچ کریں, تاکہ ادارے کے محنت کشوں کے معاشی مسائل کا خاتمہ ہوسکے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا معاون خصوصی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو نے قادیانیوں کو اقلیت قرار دے کر ختم نبوت پر تصدیق مہر ثبت کردی ، مسلمان ختم نبوت پر اپنی جان تو دے سکتا ہے لیکن اس پر کسی قسم کی خاموشی اختیار نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہاکہ ربیع الاول کے مہینے میں ہمیں اس بات کا عہد کرنا ہوگا کہ نبی پاک ۖ کی اسوئہ حسنہ پر عمل کرکے اپنی اور اپنے اہل خانہ کی اخرت کو سنواریں ، انہوں نے کہاکہ اس مقدس مہینے میں بھی اسلام دشمن اور پاکستان دشمن عناصر مسلسل فتنہ انگیزی اور شرانگیزی میںمصروف ہیں جو پاکستان کو فرقہ واریت اور تعصب کی بھینٹ چڑھانا چاہتے ہیں۔ جگہ جگہ اس طرح کے اقدامات کئے جارہے ہیںکہ مسلمان آپس میں دست وگریباں ہوجائیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف تو فتنہ انگیزی کوفروغ دیاجارہا ہے تو دوسری طرف پاک فوج کے جوان ملک دشمن عناصر سے برسرپیکار ہیں ، سرحد کے محافظ اپنی جانوںکانذرانے پیش کررہے ہیں اور ملک دشمن عناصر کو جہنم واصل کرنے میںمصروف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ربیع الاول کے مقدس مہینے میں ہمیں آپس کے اختلافات، گروہ بندی اور فرقہ پرستی سے بالاتر ہوکر اسلام اور پاکستان کومضبوط کرنے کیلئے اپنی جدوجہد کرنے پر زور دینا چاہئے۔
کوٹری کی سکندر آباد کالونی کی رہائشی مسماة چندرما باگڑی زوجہ شیا رام نے با اثر شخص کی جانب سے جھوٹا کیس درج کرانے اوردھمکیاں دینے کیخلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاج جاری رکھا اور اس موقع پر الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے کا با اثر شخص سندر باگڑی نے میری زندگی اجیرن بنا دی ہے اور بلا جواز ہمارے خلاف مختلف تھانوں پر کیس درج کرا کر مجھے پریشان کر رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم شریف بے سہارا لوگ ہیں محنت مزدوری کر کے اپنے گھر کا گزر سفر کرتے ہیں لیکن با اثر شخص سندر باگڑی کا کام شریف لوگوں کیخلاف کیس درج کرا کر انہیں پریشان کرنا ہے اور پولیس بھی اس کیخلاف کوئی کاروائی کرنے کیلئے تیار نہیں ہے ۔انہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے اپیل کی کہ مذکورہ معاملے کا نوٹس لے کر میرے خلاف درج جھوٹے کیس کی انکوائری کرا کر ہمیں تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے۔
بلڑی شاہ کریم کے گاؤں جہان خان موری کے رہائشی غلام رسول مگسی نے بااثر افراد کے ایماء پر پولیس گھر پر چھاپے اور بیٹے کو حراست میں لیکر لاپتہ کرنے کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا انہوںنے کہاکہ ڈی ایس پی بلڑی شاہ کریم وزیر علی شیخ، ایس ایچ او ممتاز کھوسو نے پولیس نفری بااثر افراد عبدالغنی مگسی، نذیر جلالائی کے ساتھ ہمارے گھر پر چھاپہ ماراچادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے مردوں کے علاوہ خواتین کو بھی تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد میرے بیٹے محمد آصف مگسی کو حراست میں لے کر غائب کردیا انہوںنے الزام عائد کیا کہ ایس ایچ او بیٹے کی رہائی کے لئے دس لاکھ روپے رشوت مانگ رہا ہے انہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے آئی جی سندھ سے اپیل کی کہ میرے بیٹے کو رہا کر کے تحفظ فراہم کیا جائے۔
ایم کیو ایم کے حق پرست رکن قومی اسمبلی پروفیسر انجینئر عبدالعلیم خانزادہ ممبر قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت،قومی ورثہ و ہوابازی نے عالمی یوم خواندگی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل اس کے نوجوان ہیں اور خوش قسمتی سے پاکستان کی نصف سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے پاکستان کی ترقی و عالمی برادری میں نمایاں مقام کے لئے ضروری ہے کہ ہمارا ہر نوجوان تعلیم یافتہ و ہنر مند ہو حکومت پاکستان اور وزارت تعلیم اپنے محدود تر وسائل کے باوجود پاکستان کے شہری و دیہی علاقوں میں صوبائی حکومتوں کے تعاون سے ہر طالبعلم اور نوجوان کو مواقع فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے آج کے جدید دور میں دنیا گلوبل ولیج بن چکی ہے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وجہ سے دنیا بھر میں ہر نوجوان کے لئے آگے بڑھنے کے مواقع ہیں پاکستان میں بھی درپیش مسائل کے حل کے لئے تعلیم یافتہ،باصلاحیت و ہنر مند افراد کے ذریعے فلاحی و ترقی پذیر معاشرہ تشکیل پا سکتا ہے اور پاکستان کے لڑکے و لڑکیوں کے لئے عام تعلیم و ہنر مند تعلیم کے لئے اہم مزید اقدامات ناگزیر ہیں حق پرست رکن قومی اسمبلی پروفیسر انجینئر عبد العلیم خانزادہ نے مزید کہا کہ پاکستان میں خواندگی کی شرح کو بڑھانے کے لئے اور تعلیم کے فروغ کے لئے جدید سہولیات مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ مانیٹرنگ کا مضبوط نظام قائم کرنا ضروری ہے اور میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے تا کہ ہمارا ٹیلینٹ ضائع نا ہو اور کم از کم پاکستان کے ہر بچے کو میٹرک تک تعلیم حاصل کرنا لازمی قرار دیا جانا چاہیے۔