
حسین آباد پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر گرفتار کرکے لاپتہ کئے گئے نوجوان کی بازیابی کے لئے کوٹری کی رہائشی خواتین نے اپنے معصوم بچوں کے ہمراہ حیدرآباد پریس کلب کے سامنےاحتجاج کیا ۔ اس موقع پرگرفتار ایک نوجوان زاہد سولنگی کی والدہ مسما بیبل نے الزام عائد کیا کہ 8 اکتوبر کی شب حسین پولیس نے میرے بیٹے زاہدسولنگی اور اس کے دوستی عبدالوحید سولنگی کو گھر سے گرفتار کیا اور ساتھ ہی گھر میں موجود ایک موٹر سائیکل اور موبائل فون بھی لے گئی جس پر ہم نے حسین آباد تھانے جاکر معلوم کیا تو پولیس نے دونوں نوجوانوں کی گرفتاری سے لاعلمی ظاہر کی بعدازا10اکتوبر کو عبدالوحید سولنگی کی عدالت میں گرفتاری ظاہر کردی لیکن میرے بیٹے زاہد سولنگی کی گرفتاری ظاہر نہیں کررہی ہمیں خدشہ ہے کہ پولیس میرے بیٹے کو جعلی پولیس مقابلے میں قتل یا زخمی نہ کردے لہذا حکام بالا نوٹس لیں اور تحفظ فراہم کریں۔
پنجاب کالج میں طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی،طلبہ پر تشدد وگرفتاریوں کیخلاف سندھ سندھ پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن ( سپاف شہید بھٹو) ضلع حیدرآباد کی جانب سے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اس موقع پر سپاف ش ب کے ضلعی صدر نوید چانڈیو، جنرل سیکریٹری علی عباسی ودیگر نے کہاکہ اسکول کالج یا یونیورسٹی ہر جگہ قوم کی بیٹیاں غیر محفوظ ہیں طالبات کے لئے تعلیمی اداروں میں خوف وہراس کی فضاء پیدا کر کے ان کی تعلیم متاثر کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اعلی حکام سے اپیل کی کے ملک میں لڑکیوں کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ وہ بغیر کسی خوف کے تعلیم حاصل کر سکیں جبکہ پنجاب کالج کے واقعے میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایاجائے ۔
حیدرآباد کے علاقہ ٹنڈو حیدر کے گوٹھ لال بخش بھرگڑی کی رہائشی زبیدہ بنت عبدالکریم تحفظ کے لئے حیدرآباد پریس کلب پہنچ گئی مظاہرہ کرتے ہوئے زبیدہ نے کہا کہ اس نے 17اکتوبر کو افتخار رند ولد بشیر سے کورٹ میرج کی ہے جس کے بعد سے علاقے کا وڈیرہ لال بخش بھرگڑی اور میرے رشتہ دار رفیق احمد لغاری، وکیو برفت، اکبر برفت اور دیگر ہمیں قتل کی دھمکیاں دے رہے ہیں اس حوالے سے ہم نے عدالت اور پولیس کو تحفظ کے لئے درخواست دی ہے اس نے کہاکہ وہ عاقل وبالغ ہے اس کو کسی کا دباؤ نہیں اس نے اپنی پسند اور مرضی سے افتخار رند سے شادی کی ہے انہوں نے بتایا کہ میرے شوہر افتخار کے سوتیلے چچا رفیق اور لال بخش مجھے میرے رشتہ داروں کے حوالے کرنا چاہتے ہیں جبکہ میں اپنے رشتہ داروں میں واپس نہیں جانا چاہتی کیونکہ میرے رشتہ دار مجھے اور میرے شوہر کو قتل کروا دیں گے۔ لہذا مجھے اور میرے شوہر کو تحفظ و انصاف فراہم کیا جائے۔
سندھ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر بی پی ایس 17 کے حتمی نتائج کا اعلان، کامیاب امیدواروں کی فہرست ویب سائٹ پر جاری۔ تفصیلات کے مطابق سندھ پبلک سروس کمیشن نے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر (بی پی ایس17) کے زبانی امتحان کے نتائج جاری کر دیئے ہیں اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کو کامیاب امیدواروں کی تقرری کی سفارش کی ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر بی پی ایس 17 کی پوسٹ کے لیے اشتہار نمبر 09/2022 کے ذریعے معلومات فراہم کی گئی تھیں، جس میں مطلوبہ تعلیمی قابلیت رکھنے والے امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائی تھیں۔ اس پوسٹ کے لیے تحریری امتحان اگست 2024 میں منعقد ہوا، جس میں کامیاب ہونے والے 176 امیدواروں کے نتائج 16 ستمبر کو جاری کیے گئے اور زبانی امتحان کا شیڈول جاری کیا گیا۔ایس پی ایس سی کی جانب سے جاری کردہ نتائج آئینی تقاضوں کے مطابق ہیں، جن میں خصوصی طور پر شہری اور دیہی کوٹہ شامل ہے۔ امیدوار اپنے رول نمبر اور نمبروں کی تفصیلات ایس پی ایس سی کی ویب سائٹ سے بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
سی آئی ڈی پی نامی سماجی تنظیم ، اسپورٹس اینڈ یوتھ آفیئرز کے تعاون سے اسٹریٹ چلڈرن کیلئے کرکٹ میچ کا انعقاد کیا جس میں بچوں نے بھرپور شرکت کی اور اپنے کھیل کے جوہر دکھائے، سماجی تنظیم کی جانب سے بچوں کو گیند، بیٹ، کھانا دیا گیا اور جیتنے والے بچوں کو نقد انعام بھی دیئے، اس موقع پر سماجی تنظیم سی آئی ڈی پی کے سی ای او عبدالستار ، ایڈوکیٹ نیاز بھلائی، شکیل قائم خانی ایڈوکیٹ، غلام مصطفی سمیجو و دیگر نے کہاکہ گلی محلوں میں گھومنے والے بچے بھی اس معاشرے کا حصہ ہیں اور انہیں دھتکارنے کے بجائے انہیں شفقت دی جائے تو وہ بھی بہتر شہری بن سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں سی آئی ڈی پی اسٹریٹ چلڈرن بچوں کا اس طرح کا پروگرام کا انعقاد کرتی رہتی ہے تاکہ بچے کھیل کود سے لطف اندوز ہوسکیں اور کچھ دیر کیلئے اپنے غم بھلاسکیں۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کے میچز سے بچوں میں خوشی اور کھیل سے لگنے ظاہر کرتی ہے ، تاہم اس پروگرام کے بعد کرکٹ میچ جیتنے والے بچوں میں انعامات دیئے گئے۔
آل حیدرآباد بیٹری ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے قاضی قیوم روڈ کے بیٹری تاجران میں ایسوسی ایشن کے ممبرشپ فارم تقسیم کئے ، تمام تاجران نے ممبرشپ لینے کے لئے دلچسپی کا اظہار کیا۔اس موقع پر ایسوسی ایشن کے صدر احمد ادریس چوہان، نائب صدر عبد الصمد قریشی، جنرل سیکریٹری عظیم احمد جوائنٹ سیکریٹری محمد اشرف میمن انفارمیشن سیکریٹری آصف اقبال میمن نے دوکانداروں کو اپنے مکمل اعتماد اور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ تمام مسائل کو مل جل کر ہی حل کرسکتے ہیں آپ کے ساتھ چلنے سے ایسوسی ایشن کا قدم مضبوط ہوگا اور حکام سے ملاقات کر کے مسائل کو حل کریں گے۔