خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے ) 12 ربیع الاوّل کے موقع پر انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) خوشاب احمد صہیب کی زیر صدارت ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں محکمہ ہیلتھ،ایجوکیشن،ہائی ویز،ریسکیو،میونسپل کمیٹی اور دیگرمتعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اے ڈی سی (جی) نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ ربیع الاوّل کے جلوسوں کے روٹس کی سڑکوں کی ضروری مرمت،مون سون کی بارشوں کے پانی کی صفائی ستھرائی،بجلی اور ٹیلی فون کی لٹکتی تاروں کی درستگی، بجلی کی سپلائی،ٹریفک کی روانی کو یقینی بنا یا جائے اور فل پروف سیکورٹی انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر انتظامات کو 12 ربیع الاوّل سے قبل مکمل کر لیا جائے اور تمام محکمے اپنا کنٹیجنسی پلان مکمل کر کے جلدازجلدجمع کروائیں۔