سکرنڈ(رپورٹ ولی محمد بھٹی)
تعلقہ اسپتال سکرنڈ کے ڈاکٹروں کی غفلت۔ زندہ لڑکی کو مردہ قرار دے کر اس کے ہاتھ پاؤں باندھ دیے۔ تفصیلات کے مطابق سکرنڈ کے نواحی گاؤں شھمیر راہو کے رہائشی ادیب منگنہار کی 10 سالہ معصوم بچی سمیرا اسہال کی وجہ سے بے ہوش ہو گئی، اسے تعلقہ ہسپتال سکرنڈ لایا گیا۔ جہاں مبینہ طور پر ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر یوسف مگسی نے معائنہ کرنے کے بعد اسے مردہ قرار دے کر لواحقین سے ہاتھ پیر باندھنے کے لئے پٹی منگوائی بیٹی کی موت کی خبر سن کر ورثاء رو پڑے۔ اور لاش لے جانے کے لیے ایمبولینس کے انتظار میں تھے کہ اسی دوران لڑکی کی ویڈیو ریکارڈ کرتے ہوئے اسکے ہاتھ پاؤں ہلنے لگے۔ جس کی اطلاع ڈاکٹر کو دی گئی۔ ڈاکٹر نے آتے ہی پٹیاں کھول دیں اور اسے نواب شاہ ریفر کر دیا۔ یاد رہے والدین کے پاس پٹی کے پیسے نہیں تھے اور نہ ہی نواب شاہ لے جانے کے پیسے تھے۔ یاد رہے کہ معصوم بچی کو ڈیڑھ گھنٹے سے زائد وقت تک سکرنڈ کے تعلقہ اسپتال میں رکھا گیا تھا۔ ورثہ کا کہنا ہے کہ بچی کی حالت تشویشناک ہے