الخدمت فاؤنڈیشن نے لطیف آباد کے انچارج ڈاکٹر سیف الرحمن، فرقان حفیظ، عقیل احمد نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ لطیف آباد میں الخدمت اسپتال برسہا برس سے غریب و متوسط عوام کو معیاری اور نہایت سستے علاج کی سہولت مہیا کررہا ہے جس کا اندازہ اس حقیقت سے لگایا جاسکتا ہے کہ یومیہ ایک ہزار سے زائد مریض اسپتال آتے ہیں جہاں مختلف امراض کے ماہر شہر کے 36 سے زائد ڈاکٹرز کنسلٹینسی کرتے ہیں اسپتال کی دیگر سروسز اس کے علاوہ ہیں تاہم اسپتال چھوٹا ہو یا بڑا بعض شکایات بھی ہوجاتی ہیں الخدمت نے مریضوں کی ہر شکایت کا فوری ازالہ کیا ہے کیونکہ یہ کوئی کاروباری یا کسی کا ذاتی ادارہ تو ہے نہیں، عوام کی خدمت کے لیے عوام کے تعاون سے چلنے والا خیراتی ادارہ ہیجو ہوش ربا مہنگائی اور علاج و معالجے کی ناکافی سرکاری سہولیات میں کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔یکم اکتوبر کو رات 2 بجے الخدمت اسپتال میں زچگی کا کیس آیا مریضہ اریبہ زوجہ شہباز شیخ کو داخل کیا گیا جہاں ڈاکٹر منزہ نعمان نے اس کی آپریشن کے ذریعے زچگی کرائی اور ایک بچی پیدا ہوئی لیکن بعد میں مریضہ کی طبیعت خراب ہوگئی تو 2اکتوبر کو صبح 4بجے ڈاکٹر منزہ نے اپنی ذاتی گاڑی میں اسے لواحقین کے ساتھہ سول اسپتال ریفر کردیا جہاں شام 4 بجے وہ انتقال کر گئی مریضہ کے لواحقین لاش لیکر الخدمت اسپتال پہنچے اور شدید احتجاج کیا جس پر اسپتال کی انتظامیہ نے یقین دلایا کہ اگر غفلت ڈاکٹر کی ہے تو کاروائی ہوگی لیکن متوفیہ کے شوہر نے دیگر کے ساتھ مل کر اسپتال میں توڑ پھوڑ شروع کردی، عملہ و ڈاکٹرز کو زدوکوب کیا اور اسپتال کے زچہ خانہ اور جنرل وارڈ سے داخل مریضوں کو نکال دیا اس دوران اسپتال انتظامیہ نے بار بار پولیس کو کال کیا لیکن پولیس کی بروقت کوئی مدد نہیں پہنچی اسی اثنامیں غنڈہ گرد عناصر کا ایک مسلح گروہ اسپتال میں داخل ہوا انہوں نے اسپتال سے ڈیڑھ لاکھ روپے کا کیش اور چندہ بکس لوٹ لیا اسپتال کے بالائی حصہ میں جاکر وہاں گن پوائنٹ پر حساس کمرے کا دروازہ کھلوایا اور DVR سمیت سی سی ٹی وی کیمرے نکال لیے، کمپیوٹرز کی ہارڈڈسک نکال کر ساتھ لے گئے انہوں نے طبی آلات، فرنیچرز اور ڈاکٹرز کے چیمبرز توڑ دیئے اور کاروائی کرکے روانہ ہوگئے یہ غنڈہ گرد عناصرموبائل فون پر کسی سے ہدایت لے رہے تھے ان کے جانے کے فوری بعد لطیف آباد B سیکشن کی پولیس اسپتال پہنچی اور اسپتال ہی کے عملہ کے نصف درجن افراد کو حراست میں لیکر لاکپ کردیا جنہیں پانچ گھنٹے بعد رہا کردیا گیا لیکن پولیس نے ہماری ایف آئی درج نہیں کی۔
پروگریسو اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے رہنما کامریڈ جئے کمار، ایڈوکیٹ احمد علی ڈال اور دیگر نے ڈاؤ میڈیکل یونویرسٹی کی جانب سے لئے گئے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کو مسترد کرتے ہوئے 8 اکتوبر کو ڈاؤ یونیورسٹی کراچی کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کردیا حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مذکورہ ررہنماؤں نے کہاکہ راشی افسران غریب کے لئے میڈیکل سمیت اعلی تعلیم کے دروازے بند کرنا چاہتے ہیں انہوںنے کہاکہ پہلے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا پیپر آوٹ کیا گیا پھر ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی داخلے کے لئے ہونے والے ٹیسٹ کا پرچہ آوٹ کیا گیا انہوںنے کہاکہ ہر سطح پر عام غریب طلبہ کو تعلیم سے دور کیاجارہاہے سندھ کے تعلیمی بورڈ وڈیروں سرمایہ داروں کے بچوں کو گریڈ فروخت کررہے ہیں انہوںنے مطالبہ کیا کہ ٹیسٹ لیک ہونے کے معاملے کی براہ راست جانچ کرائی جائے اور ٹیسٹ دوبارہ صاف اور شفاف بنیادوں پر لیا جائے۔ 3 سال کی میعاد ختم کی جائے۔ انٹری میں پاس ہونے والے بچوں کا گزٹ ٹیسٹ کے فوراً بعد شائع کیا جائے بعدازاں انہوںنے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔
شیعہ علماء کونسل کی مرکزی کال پر فلسطین پر اسرائیل کے جاری حملوں کے خلاف حسن نصر اللہ شاہد سمیت شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سید جمن شاہ، مولانا حزب اللہ بھٹو، مولانا ناطق چانڈیو کی قیادت میں ریلی نکالی گئی اورحیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اس موقع پر رہنماؤں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے فلسطینی عوام پر اسرائیلی ظلم و بربریت جاری ہے جس کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ہزاروں تک پہنچ چکی ہے جبکہ نصف صدی سے زائد عرصہ سے اسرائیل نام کی ناجائز ریاست لاکھوں لاکھوں معصوم بچوں، خواتین اور نوجوانوں کو نشانہ بناچکی ہے انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل کے خاتمے کا وقت آ گیا ہے جو جلد ہی دنیا کے نقشے سے مٹ جائے گا۔
عمرکوٹ تحصیل پتھورو کی یونین کونسل باری جی کے رہائشی راجہ خالد دل نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اس کے چچا غلام قادر دل اور کزن مرتضیٰ دل نے اسکی 900ایکٹر پر قبضہ کر رکھا ہے۔ اس کے والد مرحوم عبدالکریم دل کی چھوڑی ہوئی 900ایکڑ اراضی مذکورہ افراد نے برسوں سے غیر قانونی طور پر قبضے میں لے رکھی ہے جب کہ اس کے پاس زمین کا ریکارڈ موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ زمین میرے والدکی جائیداد ہے جس میں کسی کا کوئی حصہ نہیں ہے۔ اس نے کہا کہ اس کے چچا اسے ذہنی مریض بنا کر قتل کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے حکام سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور انصاف اور تحفظ کو یقینی بنائیں۔
ڈویزنل کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن نے کہاہے کے سندھ ضروری اشیا, ذخیرہ اندوزی اور قیمتوں پر ضابطہ اخلاق ایکٹ 2023 کے تحت منافع خوری کی روک تھام کے خلاف ڈویزن کے تمام اضلاع کی چھوٹی بڑی مارکیٹس میں سرکاری قیمتوں کے نفاذ کو یقینی بناکر عوام کو فوری طور پر رلیف فراہم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے شہباز بلڈنگ حیدرآباد میں بنیادی ضروری اشیائکی قیمتوں پر ضابطہ اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے سلسلے مین کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن, اسسٹنٹ کمشنرز حیدرآباد, محکمہ خوراک کے افسران, ڈائریکٹر بیورو آف سپلائی اینڈ پرائس کنٹرول سندھ اور مارکیٹ پرائس کمیٹی کے افسران نے شرکت کی جبکہ ڈویزن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ خوراک, مارکیٹ پرائس کنٹرول کمیٹی اور ڈویزن کے ڈپٹی کمشنرز نے ڈویزنل کمشنرحیدرآباد بلال احمد میمن کو اضلاع میں اشیا ضروی کی مقرر کردہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کے متعلق بریفنگ دی۔کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن نے کہا کے حالیہ سرکاری سطح پر مہنگائی میں واضع کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور پیٹرول کی قیمتیں بھی کم ہوئی ہیں جس کو مدنظر رکھتے ہوئے، ہول سیل اور ریٹیل مارکیٹ میں عوام کو رلیف فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہاکے اضلاع کی انتظامیہ فوری طور پر سرکاری پرائس کنٹرول لسٹ اپڈیٹ کرکے چھوٹی اور بڑی مارکیٹس کا دورہ کریں اور سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد کروانے کو یقینی بنائیں۔ کمشنر حیدرآباد نے کہاکے گزشتہ 6 ماہ کے دوران اشیائے ضروری اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے لیکن اس کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچ سکے ہیں, انہوں نے کہاکہ سرکاری سطح پر قیمتیں کم ہونے کے باجود بھی مارکیٹس میں پرانی قیمتوں کے نفاذ کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ کمشنر حیدرآباد نے کہاکے تمام اضلاع میں پرائس لسٹ اپڈیٹ کرکے مارکیٹس میں بھیجی جائیں اور عملدرآمد نہ کرنے والے تاجروں اور دوکانداروں کے خلاف کریک ڈاؤن کر کے سندھ ضروری اشیا پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت جرمانے عائد کر کے عوام کو بھرپور ریلیف دیا جائے۔ کمشنر حیدرآباد نے ڈویزن کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کرتے ہوئے کہاکے وہ خود ہول سیل مارکیٹوں کا دورہ کریں اور قیمتوں کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لے کر بھاری جرمانے عائد کریں۔
پنیاری پولیس نے منشیات، مین پوری و انڈین گٹکا سپلائر اور دیگر سماجی برائیوں میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 5 منشیات و مین پوری سپلائرز کو گرفتار کرتے ہوئے بھاری مقدار میں کچی شراب اور تیار شدہ مین پوری پولیس تحویل میں لے لی گرفتار سپلائرز میں ابرار جتوئی، محمد رمضان، علی، عرفان اور رضوان چاچڑ شامل ہیں پنیاری پولیس کی کارروائیوں کے نتیجے میں مختلف گیلنز میں 30 لیٹر کچی شراب اور بھاری مقدار میں تیار شدہ مین پوری پولیس تحویل میں لے لی گئی ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے شہر کے مختلف علاقوں میں کچی شراب، تیار شدہ مین پوری و انڈین گٹکا سمیت دیگر منشیات کی سپلائی دینے کے انکشافات کیے گرفتار ملزمان کا سابقہ کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے پنیاری پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف حدود آرڈیننس اور گٹکا و مین پوری ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے ۔
لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جامشورو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام دین اجن نے 4اکتوبر کو لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جامشورو میں نیو گرلز ہاسٹل، لائبریری، کیفے ٹیریا اور اکیڈمک بلاک کا سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر وائس چانسلر اکرام دین اجن نے میڈیکل ریسرچ سینٹر اور پیپلز اسکول آف نرسنگ میں شاندار اسٹیٹ آف آرٹ آڈیٹوریم کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وی سی لمس اکرام دین اجن نے کہا کہ کیمپس میں ترقیاتی کام مسلسل جاری ہیں جس سے طلبا طالبات کو بہتر سے بہتر آرائش ملے گی،انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن ہے شاگردوں کو محفوظ مقام اور بہتر تعلیم فراہم کریں ۔
امیر تنظیم اسلامی شجاع الدین شیخ نے تنظیم نے معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک سے ملاقات کی۔ اگرچہ پروگرام کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائیک نے قرآن اکیڈمی ڈیفنس کراچی کا دورہ کرنا تھا لیکن سیکیورٹی خدشات کے باعث حکومتِ سندھ نے ان کی آمدورفت گورنر ہاوس تک محدود کر رکھی تھی، لہذا تنظیم اسلامی کے وفد نے گورنر ہاوس میں ان سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک کے صاحبزادے فارق نائیک بھی ملاقات کے دوران موجود تھے۔ امیر تنظیم اسلامی نے کراچی کے ذمہ داران کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ ہم سب بانی تنظیم اسلامی اور صدر موسس انجمن خدام القرآن، ڈاکٹر اسرار احمد کی معنوی اولاد ہیں جس پر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے بتایا کہ 1991 میں بھارت سے پاکستان آمد پر قرآن اکیڈمی لاہور میں ان کی ڈاکٹر اسرار احمد سے ملاقات ہوئی تھی۔ ڈاکٹر اسرار احمد کی نصیحت پرہی انہوں نے میڈیکل پریکٹس چھوڑ کر کل وقتی داعی دین بننے کا فیصلہ کیا تھا۔ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ میں نے اپنی دعوت کا مرکز و محور قرآن پاک کو بنایا ہے۔ ڈاکٹر اسرار احمد اس حوالے سے بھی ہمارے محسن ہیں کہ انہوں نے پوری زندگی نہ صرف قرآن مجید کے پیغام کو عام کیا بلکہ کلامِ باری تعالی کی بنیاد پر نظام یعنی خلافت کے قیام و نفاذ کی جدوجہد کے لیے تنظیم اسلامی کے نام سے جماعت قائم کی۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ داعی کے لیے تہجد کی نماز انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ اس وقت ضعفِ ایمان اور نااتفاقی کے باعث مسلمان دنیا بھر میں ذلیل و رسوا ہو رہے ہیں۔ فلسطین میں صہیونی بدترین ظلم و جبر اور درندگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اس صورتِ حال سے نکلنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ مسلمان اپنی اصل کی طرف لوٹیں اور خود کو قرآن و سنت سے جوڑ کر باہمی اتفاق و اتحاد پیدا کریں تاکہ ان کی دنیا بھی سنور جائے اور آخرت میں بھی کامیاب اور کامران ہو سکیں۔