نوشہروفیروز( رانا ندیم انجم)
ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز محمد ارسلان سلیم کی زیر صدارت ضلع کے مختلف شہروں میں صفائی ستھرائی، مون سون بارشوں کے متعلق پیشگی انتظامات اور مورو شہرمیں تجاوزات کے خاتمے کے لئے ایک اجلاس کی صدارت کی۔
اس موقع پر انہوں مورو شہرکے تاجر وفد سے شہر کے مسائل سنے اور مسائل کے فوری حل کے لئے موقع پراحکامات جاری کئے ۔ انہوں نے میونسپل کمیٹی مورو کے چیف میونسپل آفیسر کو ہدایت کی کہ مورو شہر کے ڈرینج ڈسپوزل کی صفائی اور برساتی نالوں کی صفائی کا عمل مکمل کیا جائے۔ انہوں نے شہر کے آکسیڈیشن پانڈز سے نکاسی آب کی صورتحال کو بہتر بنانے کے احکامات دیئے۔اس کے ساتھ ساتھ فائر برگیڈ کی گاڑیوں فعال رکھا جائے اور مون سون کی بارشوں سے قبل تمام پمپنگ اسٹیشنوں پر ڈیزل جنریٹر کا انتظام کیا جائے۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر مورو محمد مستقیم قریشی کو ہدایت کی مورو شہر کی اہم سڑکوں پر ناجائز قبضے ختم کرانے کے لئے آپریشن تیز کیا جائے۔ اور ٹھیلے اور رکشہ والے افراد کو کسی مختص جگہ پر کھڑا کرایا جائے۔انہوں نے صحت، صفائی ، پینے کے پانی، شجرکاری اور دیگر مسائل کے لئے فوری احکامات جاری کئے۔اس موقع انہوں نے ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سیکریٹری ضمیر حسین بروہی اور موٹر وے پولیس کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہروں سے گزرنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کو حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے کرایہ نامہ پر عمل کرائیں اور زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرس کے خلاف قانونی کاروائی کریں۔