نوشہروفیروز ( رانا ندیم انجم)
۔صوبائی وزیر داخلہ و قانون اور فوکل پرسن برائے رین ایمرجنسی ضیا ء الحسن لنجار نے ضلع نوشہروفیروز میں بارشوں سے نمٹنے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس آج ڈپٹی کمشنر آفیس میں منعقد ہوا۔ اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ اجلاس کا مقصد بارشوں کے دوران ٹاؤن کمیٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینا ہے اور اس کے علاوہ آئندہ بارشوں کی صورت میں کیا انتظامات کرنے چاہییں ۔ انہوں نے ٹاؤن چیئرمینوں اور پبلک ہیلتھ کے افسران سے کہا کہ بجلی کا انتظارکرنے کے بجائے فوری طور پر نئے جنریٹر خریدیں یا کرائے پر حاصل کریں۔انہوں نے ٹاؤن کمیٹی چیئرمین بھریا روڈ امتیاز آرائیں کے مطالبے پر پی ڈی ایم اے سے نکاسی آب کے لئے بڑی لفٹ مشین منگوا کر دینے کا حکم دیا انہوں نے کہا کہ جہاں بھی ضرورت ہوئی ٹاؤن کمیٹیوں کو مشینیں منگوا کر دی جائیں گی۔ صوبائی وزیر نے اجلاس میں غیر حاضر رہنے پر ٹاؤن کمیٹی ٹھارو شاہ اور مٹھیانی کے ٹاؤن افسران کو سسپینڈ کرنے کا حکم دیا جبکہ ایکسین اسکارپ کو معطل کرنے کے لئے چیف سیکریٹری کو خط لکھا۔انہوں نے تمام چیئرمینوں سےحالیہ بارشوں کے دوران شہر کی حالت اور پانی کی نکاسی کے بارے میں معلوم کیا۔انہوں نے میونسپل کمیٹی مورو اور چیئرمین دریا خان مری کو ڈسپوزل پمپ کے لئے اسکیم بنانے کا حکم دیا ۔ انہوں نے تمام شہروں میں مچھر ماراسپرے کرانے اور جانوروں کی ویکسی نیشن کا حکم دیا۔ صوبائی وزیر نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کو حکم دیا کہ ان تمام ڈاکٹروں کی تنخواہ بند کریں جوکہ غیر حاضر ہیں یا تنخواہ نوشہروفیروز سے لے رہے ہیں اور ڈیوٹی کہیں اور کررہے ہیں۔ انہوں نے ایکسین آبپاشی روہڑی ڈویزن سے دریائے سندھ کے حفاظتی بندوں کے بارے میں معلوم کیا۔اجلاس میں چیئرمین ضلع کاؤنسل سہیل اختر عباسی، میونسپل کمیٹی مورو کے چیئرمین نذیر احمد مورو، میونسپل کمیٹی مورو کے چیئرمین ڈاکٹر کاشف میمن اور ٹاؤن کمیٹی دریاخان مری، بھریا سٹی، بھریا روڈ، کنڈیارو، ہالانی اور محرابپور کے چیئرمین اور ٹاؤن افسران موجود تھے۔