نوشہرو فیروز ( رانا ندیم انجم)
۔اکائوٹنٹ جنرل سندھ کی ہدایات پر ڈپٹی اکائونٹنٹ جنرل منصور علی سیال کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفیس نوشہرو فیروز میں ایک کھلی کچہری منعقد کی گئی۔اس موقع پر اسسٹنٹ اکائونٹنٹ جنرل عامر امیر، ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفیسر نوشہرو فیروز حسن جان چنگیزی،ایڈیشنل اکائونٹس آفیسر اشرف علی آرائیں اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے، اس موقع پر ڈپٹی اکائونٹنٹ جنرل نے سرکاری ملازمین اور پینشنرز کی شکایات سنیں اور حل کرنے کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے، انہوں نے کہا کہ بلوں کی ادائیگی اور کمیوٹیشن کی رقم کی ادائیگی کے لیے کسی بھی ایجنٹ کو کاغذات اور رقم ہر گز نہ دی جائے، انہوں نے پینشن کی عدم ادائیگی کی شکایات کے فوری ازالے کے لئے متعلقہ افسران کو موقع پر حل کے احکامات جاری کئے، انہوں نے کہا کہ کچھ ریٹائرڈ ملازمین اپنی ادائیگی کے بل وقت پر جمع نہیں کراتے اور بعد میں تاخیر کی شکایات درج کراتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کمیوٹیشن کی ادائیگی میرٹ لسٹ کے مطابق کی جارہی ہے کسی بھی قسم کی غفلت کی صورت میں متعلقہ افسر کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ، اس موقع پر ملازمین نے پینشن کی ادائیگی میں تاخیر کی شکایات کیں، ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفیسر نے پینشن کی بقایاجات کی ادائیگی کے لیے متعلقہ محکموں کو وقت پر بل جمع کرانے کو کہا۔ اس موقع پر ریٹائر ملازمین نے پنشن کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے پر ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفیسر کی کوششوں اور محنت کو سراہا ۔