چشتیاں (میاں میراحمدمستانہ سہروردی سے) ڈپٹی کمشنربہاولنگر ذوالفقار احمد نے کہا کہ معیاری اور فوری طبی سہولتوں کی فراہمی ہر مریض کا حق ہے، علاج معالجے ومریضوں کی نگہداشت میں کوئی کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔انہوں نے تحصیل ہسپتال چشتیاں کے دورہ کے موقع پر ہدایت دیتے ہوئے مزید کہا کہ ہسپتال میں علاج معالجے کی
معیاری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے ہسپتال میں ڈاکٹرز اور سٹاف کی حاضری بھی چیک کی اور ہسپتال میں صفائی اور سیکیورٹی کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی صفائی کے معیارپر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا اور ہسپتال میں طبی سہولیات کے ساتھ صفائی کا معیار بھی اعلی درجے تک لے جانے کے لیے تمام وسائل اور کاوشیں بروئے کار لائی جائیں۔اس موقع پرہ اسسٹنٹ کمشنرچشتیاں، سی ای او ایجوکیشن، سی ای او ہیلتھ متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے انہوں نے ہسپتال کے تمام شعبوں، وارڈز اور ایمرجنسی کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی میں ہر مریض کے پاس جاکر فرداً فرداًانکی خیریت دریافت کی۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ بوائز ہائی ماڈل سکول چشتیاں کا دورہ کیا اور سکول کے مختلف سیکشنزمیں درس و تدریس کے عمل کا جائزہ لیا اور اساتذہ اور طالبات سے درس و تدریس کے حوالے سے معلومات بھی حاصل کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے انسداد پولیو میم کے دوران پولیو کے قطرے پلا گئے بچوں کی انگلیوں پر نشان دیکھے اور تفصیلات کا معائنہ کیا۔