بھاولپور (میاں میراحمدمستانہ سہروردی سے)
ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمدوڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نصیب اللہ خان نے کہا ہے کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے، جو صبر و تحمل، رواداری، اتفاق و اتحاد اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ربیع الاوّل کے مہینے میں پولیس، سکیورٹی ادارے، مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام، انجمن تاجران اور دیگر سٹیک ہولڈرز کی معاونت سے ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جائے گا۔انہوں نے ضلعی امن کمیٹی وبین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ضلع بھر کے علمائے کرام، مشائخ عظام ہمیشہ محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیتے ہیں، یہی جذبہ ربیع الاوّل کے دوران بروئے کار لانے کی ضرورت ہے ان کا کہنا تھا کہ ربیع الاوّل میں امن و امان کی فضا بر قرار رکھنے کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء، مشائخ ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں۔اس موقع پر.ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ ربیع الاوّل کے جلوسوں کے روٹس کی سڑکوں کی ضروری مرمت،مون سون کی بارشوں کے پانی کی صفائی ستھرائی اور بجلی اور ٹیلی فون کی لٹکتی تاروں کی درستگی کو یقینی بنائیں اور تمام تر انتظامات کو ربیع الاوّل سے قبل مکمل کر لیا جائے۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے منچن آباد چوک، عید گاہ روڑ، رفیق شاہ چوک سٹی چوک، اردو روڑ، قاسم روڑ اور ڈسپوزل ورکس و دیگر مقامات کے معائنہ کے موقع پر میونسپل کمیٹی کی ٹیموں کی موجودگی اورنکاسی آب کے جاری کاموں کو مزید تیز کرایاشہر بھر میں موسلا دھاربارش کے دوران نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کے اخراج کے لئے ڈی واٹرنگ سیٹس، سکر مشینوں سمیت دیگر مشینری کی موجودگی کو چیک کیا اور کہا کہ بارش کے دوران شہریوں کو تیز رفتار ریلیف کی فراہمی کے لئے ہنگامی اقدامات ناگزیر ہیں۔