خوشاب ( راجہ نورالہی عاطف سے ) ڈپٹی کمشنر خوشاب سروش فاطمہ شیرازی نے کہا ہے کہ ستھراء پنجاب پروگرام حکومت پنجاب کا انقلابی قدم ہے، جس سے صفائی کے مسائل حل ہوں گے اور ضلع کی خوبصورتی کو بہتر بنا یا جائے گا۔ میونسپل ادارے اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیں، عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے عمل میں کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔ڈپٹی کمشنر ستھرا پنجاب پروگرام اور دیگر میونسپل کمیٹی کے امور کی پراگریس کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ان خیا لات کا اظہار کر رہی تھیں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) احمد صہیب سمیت متعلقہ محکموں کے حکام اور بلدیاتی اداروں کے سربراہان کے علاوہ تحصیلوں کے اے سی صاحبان نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔بلدیاتی اداروں کے سربراہان نے ستھرا پنجاب پروگرام کی حکمت عملی، کارکردگی اور ریکوری بارے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گرین بیلٹس،پارکس، شاہراہوں اور قبرستانوں کی صفائی کا روزانہ کی بنیاد پراسسٹنٹ کمشنرز کی زیرنگرانی افسران فیلڈ میں ورکنگ چیک کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مجھے ملازمین فیلڈ میں کام کرتے نظر آنا چاہئیں،افرادی قوت سمیت دیگر وسائل کو استعمال میں لاکر ہم شہریوں کو صاف ستھرا اور سرسبز و شاداب ماحول فراہم کرسکتے ہیں۔