مولانا عظیم اللہ عثمان کی ڈپٹی کمشنر ضلع کیماڑی سے اہم عوامی مسائل پر ملاقات
کراچی ( پ ر) ڈپٹی کمشنر ضلع کیماڑی کی عوام دوست پالیسیاں خوش آئند ہیں۔ ضلعے میں کرپشن اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر ضلع کیماڑی کے اقدامات قابل داد ہیں۔ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے ہر عمل کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ڈومیسائل پی آر سی کیلئے شناختی کارڈ کے سنگل ایڈریس میں 3 سال کی اضافی شرط ختم کرنے کا عمل قابل تحسین ہے۔ ضلع کیماڑی کی سڑکوں اور سیوریج نظام کی ابتر صورتحال سے شہری اذیت کا شکار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام شیرشاہ کے امیر مولانا عظیم اللہ عثمان نے ڈپٹی کمشنر ضلع کیماڑی جنید اقبال خان سے ڈومیسائل ، پی آر سی ، نادرا انویسٹیگیشن کے کیسز ، جائز کاروباری طبقے کو نوٹسز بھیج کر بلیک میل کرنے سمیت سڑکوں اور سیوریج کی ابتر صورتحال پر تفصیلی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عظیم اللہ عثمان نے ڈپٹی کمشنر ضلع کیماڑی کو ڈومیسائل PRC سمیت نادرا کے بھیجے گئے کیسز میں عوامی مشکلات سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر ضلع کیماڑی جنید اقبال نے واضح کیا کہ عوامی مسائل میں کسی بھی طرح کی بلیک میلنگ برداشت نہیں ہوگی۔ اب تک جن افسران یا ضلعی انتظامیہ کے ذمہ داران کے حوالے سے بدعنوانی کی شکایات تھیں ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی افسر عوام اور جائز کاروباری طبقے کو بلیک میل کرنے میں ملوث پایا گیا تو فوری طور پر کاروائی کرکے ایسے عناصر سے اپنے ضلعے اور دفتر کو پاک رکھنا ہمارا مشن ہے۔ اسی سلسلے میں ہم چند افسران کے خلاف حال ہی میں کاروائی کرچکے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ ڈومیسائل پی آر سی کیلئے قانونی فیس کے علاوہ کوئی اضافی رقم نہ دی جائے ، جو مطالبہ کرے تو اسکے خلاف کاروائی ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کی سہولیات اور بدعنوانی کی روک تھام کیلئے ہیلپ لائن سمیت رابطہ نمبرز جاری کئے ہیں جو 24 گھنٹے فعال رہ کر عوامی مشکلات کے ازالے میں کردار ادا کرتے ہیں۔ میری اولین ترجیح یہ ہیکہ کوئی بھی رشوت لے یا کرپشن کرے تو اسے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ جو شہری ضلع کیماڑی میں کہیں پر بھی ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بدعنوانی یا زیادتی کا شکار ہو تو مجھے جاری کردہ ہیلپ لائن پر بآسانی شکایات پہنچا سکتا ہے۔ مولانا عظیم اللہ عثمان نے ڈی سی کیماڑی کی عوام دوست پالیسیوں پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے پالیسی جاری رہے گی۔ اگر کہیں پر رشوت خوری یا بلیک میلنگ ہوئی یا عام آدمی کیلئے مسائل کھڑے کئے گئے تو جمعیت علمائے اسلام صف اول میں رہ کر اپنا آئینی اور جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے میدان میں ہوگی۔ واضح رہے کہ جمعیت علماء اسلام شیرشاہ کی کاوشوں سے ڈومیسائل پی آر سی کیلئے سنگل ایڈریس میں 3 سال کی اضافی شرط ختم کردی گئی ہے۔