گجرات(شاہد بیگ سے)
ترجمان محکمہ پولیس کے مطابق نجی کالج کی ضلع بھر میں موجود برانچزمیں توڑ پھوڑکرکے بد امنی اور انتشار پھیلانے والے نام نہاد سٹوڈنٹس کی پکڑ دھکڑ
سٹوڈنٹس کی ہنگامہ آرائی کے دوران سیکیورٹی گارڈبھی جاں بحق ہوا،ضلع بھر سے92 ملزمان کوگرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں سے طلباء گروپس کے ممبران ضلع بھر میں احتجاج کی آڑ میں بد امنی اور انتشار پھیلا رہے تھے،نجی کالج کے مختلف کیمپسز میں توڑ پھوڑ کی،جس سے بد امنی اور انتشار کی فضاقائم تھی، یہاں تک کہ مورخہ16-10-2024کو ہنگامہ آرائی کے دوران کالج کا 50سالہ گارڈاظہر حسین سکنہ گوندل شریف بھی جاں بحق ہوا۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پر ڈی پی او گجرات ڈاکٹر مستنصر عطاء باجوہ نے ہدایات جاری کیں کے ہنگامہ آرائی کے واقعات میں ملوث ملزمان کو فو ری طور پر گرفتار کیا جائے،اس سلسلہ میں ٹیمیں تشکیل دی گئیں،جنہوں نے ضلع بھر سے واقعات میں ملوث ملزمان کی نشاندہی کر کے چھاپے مارنے کا عمل شروع کر دیا۔
ایس پی انویسٹی گیشن محمد ریاض ناز کی زیر قیادت ڈی ایس پی لالہ موسیٰ محمد اکرم نے بر موقع کاروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ صدر گجرات کے ہمراہ 35سٹوڈنٹس کو گرفتار کیا اورمزید ملزمان کی شناخت کا سلسلہ جاری ہے۔جبکہ ڈی ایس پی سرکل کھاریاں ملک عرفان صفدر بھرتھ نے اپنی پولیس ٹیم ایس ایچ او تھانہ صدر کھاریاں انسپکٹر لیاقت حسین کے ہمراہ نام نہاد طلبا گروپس کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 39ملزمان گرفتار کیے،پولیس تھانہ سول لائن نے 15ملزمان جبکہ تھانہ صدر لالہ موسیٰ نے 03ملزمان کو گرفتار کیا،جو کہ نجی کالج کے مختلف کیمپسز میں توڑ پھوڑ میں ملوث تھے۔گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔
ڈی ایس پی سرکل کھاریاں ملک عرفان صفدر بھرتھ نے تمام والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں تاکہ وہ کسی شرپسند گروپ کا حصہ نہ بنیں اور اپنی توجہ تعلیم حاصل کرنے پر مرکوزرکھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں انتشار اور بد امنی پھیلانے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے، ایسے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹا جائے گا اور انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔