
کراچی: ( رپورٹ: محمد حسین سومرو) گل پلازہ میں آتشزدگی کے باوجود مسجد اور قرآنِ پاک محفوظ
کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں لگنے والی شدید آگ کے باوجود وہاں قائم مسجد کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور قرآنِ پاک محفوظ حالت میں ملے۔ ریسکیو حکام کے مطابق گل پلازہ کے پہلے فلور پر قائم مسجد کو کلیئر کر لیا گیا ہے اور وہاں کوئی شخص موجود نہیں تھا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ گل پلازہ میں فائر فائٹنگ، سرچنگ اور ریسکیو آپریشن بدستور جاری ہے۔ اس افسوسناک سانحے میں جاں بحق افراد کی تعداد 26 ہو چکی ہے، جبکہ 71 افراد تاحال لاپتہ ہیں اور 18 افراد کی شناخت ہو گئی ہے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ طارق کے مطابق سول اسپتال میں اب تک 20 لاشوں کے ڈی این اے سیمپلز لیے جا چکے ہیں، جبکہ 48 خاندانوں نے اپنے ڈی این اے نمونے جمع کرا دیے ہیں۔ ڈی آئی جی اسد رضا کے مطابق ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے نمونے سندھ فرانزک ڈی این اے لیبارٹری جامعہ کراچی بھیجے جا رہے ہیں اور آئندہ تین دن تک کراس میچنگ کا عمل جاری رہے گا۔
ادھر ناقابلِ شناخت 6 لاشیں ایدھی سردخانے سہراب گوٹھ منتقل کر دی گئی ہیں۔
