
حیدرآباد، فروری 4 (ہ آ)، محکمہ آبپاشی کوٹڑی بیراج حیدرآباد کے نوٹیفکیشن کے مطابق لائننگ کے منصوبہ جاتی کام مکمل ہونے کے بعد کلری بگھار فیڈر (اپر ریچ) کو 3 فروری 2026 کی شب کھول دیا گیاہے، کلری بگھار فیڈر طویل عرصہ بند رہنے کے باعث ابتدائی مرحلے میں نہری پانی میں مٹی، تلچھٹ یا دیگر آلودگیاں شامل ہو سکتی ہیں، اس لیے ابتدائی دنوں میں نہری پانی کو پینے کے لیے استعمال میں نہیں لایا جائے۔
نوٹیفیکیشن میں متعلقہ اضلاع کی ضلعے انتظامیہ، بلدیاتی اداروں اور محکمہ صحت کو واضع ہدایت جاری کی گئی ہے کہ عوام کو آگاہ کریں، احتیاطی تدابیر اختیار کرائیں اور کسی بھی ممکنہ عوامی صحت کے خطرے سے بچاؤ کے لیے فوری اقدامات یقینی بنائیں۔ پانی کے معیار کے تسلی بخش ہونے تک نہری پانی کو پینے کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔
