
حضرت لعل شہباز قلندر کے774ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کا باقاعدہ افتتاح صوبائی وزیر اوقاف سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے مزار پر چادر چڑھا کر اور دعا کر کے کیا۔
اس موقع پر ڈویژنل کمشنر فیاض حسین عباسی، ڈی آئی جی طارق رزاق دھاریجو، ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری، چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف مختیار علی ابڑو، ایس ایس پی جامشورو محمد ظفر چھانگا، چیئرمین سیہون میونسپل کمیٹی سید شہزاد حیدر شاہ اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ صوفیوں اور اولیاء کی سرزمین ہے جنہوں نے ہمیشہ امن، محبت اور بھائی چارے کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے یہ دھرتی امن اور محبت کا مرکز رہی ہے۔ موجودہ حالات کے پیش نظر دہشت گردی، عدم برداشت، انتہاپسندی اور معاشرے میں پھیلتے منفی رجحانات کے خاتمے کے لیے صوفیوں کے پیغام کو عام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حضرت لعل شہباز قلندر کا عرس ملک کا سب سے بڑا عرس ہے، جس میں اس سال متوقع طور پر 30 لاکھ زائرین سیہون پہنچیں گے، جبکہ گزشتہ سال تقریباً 28 لاکھ زائرین سیہون آئے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام تر کوششیں جاری ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں صوبائی وزیر سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ سیہون میں ترقیاتی کام مسلسل جاری ہیں اور آئندہ اے ڈی پی میں سیہون کے لیے مزید ترقیاتی منصوبے شامل کیے جائیں گے۔
صوبائی وزیر نے اسلام آباد میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ پاک فوج اور حکومت پاکستان دہشت گردی کے خلاف مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں، اور ان شاء اللہ پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری کی جانب سے صوبائی وزیر کو شہباز میموریل شیلڈ پیش کی گئی۔ صوبائی وزیر نے درگاہ کے احاطے میں مستحق خواتین میں کپڑے اور تحائف بھی تقسیم کیے۔
