
اسلام آباد/کراچی: (رپورٹ : محمد حسین سومرو) فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی۔ یہ بات ایف آئی اے کے ترجمان نے پی آر نمبر 100/2026 کے تحت جاری بیان میں بتائی۔
ترجمان کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اور کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث دو ملزمان سہیل اور سہروش کو ناظم آباد اور گارڈن ایسٹ کے علاقوں سے گرفتار کیا۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان بغیر لائسنس غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہے تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 20 ہزار 50 امریکی ڈالر، 2 ہزار ترکش لیرا، 1300 یو اے ای درہم، 2170 برطانوی پاؤنڈ، 1000 یورو، 8001 قطری ریال، 13 ہزار 600 چائنیز یوآن، 7800 سعودی ریال، 81 بحرینی دینار، 465 ملائیشین رنگٹ، 50 آسٹریلین ڈالر اور 59 لاکھ 33 ہزار سے زائد پاکستانی روپے برآمد کیے گئے۔
اس کے علاوہ ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق اہم شواہد بھی تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔ ایف آئی اے نے ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق غیر قانونی مالی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
